سعودی عرب نے پاکستان کے لیے اپنے نئے سفیر ڈاکٹر راجح البقمی کو باضابطہ طور پر تعینات کر دیا ہے۔ انہوں نے ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق سینئر سفارت کار اور میجر جنرل (ر) ڈاکٹر راجح البقمی پاکستان میں سعودی عرب کے نئے سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وہ سبکدوش ہونے والے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی جگہ اسلام آباد میں فرائض انجام دیں گے۔
حلف برداری کی تقریب میں مختلف دوست اور برادر ممالک کے لیے مقرر کیے گئے سعودی سفیروں نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ تقریب کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نئے سفارتی مشنوں کے سربراہان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر راجح البقمی کو سفارتی اور عسکری امور میں وسیع تجربہ حاصل ہے، اور ان کی پاکستان میں تعیناتی کو دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط سفارتی، اقتصادی اور تزویراتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
