پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کو یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے شکست دے کر کاوا سینٹرل ایشیا والی بال چیمپئن شپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم نے یہ اعزاز تیسری مرتبہ حاصل کر لیا۔
اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے آغاز سے ہی کھیل پر مکمل گرفت برقرار رکھی اور بنگلا دیش کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
قومی ٹیم نے فائنل کے تینوں سیٹس 25-20، 25-16 اور 25-20 سے جیت کر فیصلہ کن کامیابی حاصل کی اور شائقین کے سامنے ایک اور یادگار فتح رقم کی۔
اس سے قبل چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلا دیش نے ازبکستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل مقابلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
فائنل میں پاکستان نے اپنی مضبوط اٹیک، مؤثر بلاکنگ اور بہترین دفاعی کھیل کی بدولت بنگلا دیش کو کسی بھی مرحلے پر برتری حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا اور مسلسل تین سیٹس جیت کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
