تائیوان کے وزیر دفاع ویلنگٹن کو نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ تائیوان کا دفاعی تعاون عام تصور سے کہیں زیادہ مضبوط ہے اور امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ کے ساتھ فوجی روابط کو مزید گہرا کیا جا رہا ہے تاکہ جزیرے کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
رائٹرز کے مطابق ایک خصوصی گفتگو میں ویلنگٹن کو نے کہا کہ امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور تائیوان کو پہلی جزیرہ زنجیر (First Island Chain) کا ایک اہم حصہ تصور کیا جاتا ہے، جو جاپان، تائیوان اور فلپائن تک پھیلی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "امریکا کے ساتھ ہمارا تعاون بہت سے لوگوں کے تصور سے کہیں زیادہ قریبی ہے۔ ہم ہر سطح پر امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ کے ساتھ فوجی تبادلوں اور تعاون کو فروغ دے رہے ہیں تاکہ اپنی دفاعی اور جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکے۔”
وزیر دفاع کے مطابق مشترکہ تربیت، فوجی تبادلوں اور پیشہ ورانہ تعاون کے ذریعے تائیوان کی دفاعی تیاریوں کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر چین تائیوان کا بحری محاصرہ کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کے سنگین معاشی اور سیاسی نتائج خود بیجنگ کو بھی بھگتنا پڑ سکتے ہیں، کیونکہ چین کی معیشت عالمی تجارت اور سمندری راستوں پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے۔
