پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے غلط ای چالان کے شکار شہریوں کے لیے نئی آن لائن سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت شہری گھر بیٹھے اپنے ای چالان کا ریویو کروا سکیں گے۔
پنجاب پولیس کے مطابق اگر کسی شہری کو غلط ای چالان موصول ہوتا ہے تو وہ ای چالان ویب سائٹ پر لاگ اِن کرکے ریویو سیکشن میں درخواست جمع کرا سکتا ہے۔ شہری کو متعلقہ ثبوت اپ لوڈ کرنا ہوں گے، جن کی جانچ کے بعد اگر چالان غلط ثابت ہوا تو اسے 24 گھنٹوں کے اندر منسوخ کر دیا جائے گا۔
پنجاب پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے صرف حقیقی شکایات کی صورت میں استفادہ کریں تاکہ نظام کی شفافیت اور مؤثر کارکردگی برقرار رکھی جا سکے۔
دوسری جانب اس اعلان پر سوشل میڈیا پر ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ متعدد صارفین نے آن لائن ریویو کی سہولت کو خوش آئند قرار دیا، جبکہ بعض افراد کا کہنا ہے کہ غلط ای چالان جاری کرنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔
