وزیراعظم شہباز شریف نے نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اورتنظیم نو کا کام ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ کہا نجکاری کمیشن کی افرادی قوت میں مالیاتی، قانونی اور آئی ٹی ماہرین شامل کیے جائیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں بجلی ترسیلی کمپنیزکی نجکاری اور پرائیویٹائزیشن کمیشن کی اصلاحاتی تنظیم نو کا جائزہ لیا گیا۔
نجکاری عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کیلئے کامیاب روڈ شوز وزیراعظم نے اطمینان بخش قرار دیئے ۔ کہا ڈسکوزکی نجکاری کے مراحل مقررہ مدت میں بہترین حکمت عملی کے ساتھ طے شدہ قواعد کے مطابق منافع بخش اندازمیں مکمل کیے جائیں۔
وزیراعظم نےنجکاری کے مراحل میں بہترین پیشہ ورانہ استعداد کےحامل کنسلٹنٹ کی تجاویز اور تمام قانونی انتظامات و مالیاتی ریگولیشن فریم ورک کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کہا نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے اور صارفین کی شکایت کے ازالے کا جامع اور موثر انتظامی ڈھانچہ یقینی بنایا جائے۔
