ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے حکومت متحرک ہو گئی ہے، آئی ٹی افرادی قوت کی تیاری تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا اور اسی سلسلے میں وفاقی وزیر شزہ فاطمہ نے ملک بھر میں جدید آئی ٹی کورسز فوری شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کی زیرِ صدارت آئی ٹی تربیتی اداروں کے سربراہان کا اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کو عالمی معیار کی ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے اور آئی ٹی افرادی قوت کی تیاری تیز کرنے کے لیے قومی لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے تمام صوبوں کو فوری طور پر جدید آئی ٹی کورسز اور عالمی معیار کے تربیتی پروگرامز شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل معیشت کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے آئی ٹی تربیتی اداروں کو اپنی کارکردگی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ وزارتِ آئی ٹی کو پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
