وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج 2027 کےلیے سرکاری اسکیم کے تحت اخراجات اور وصولی کے طریقہ کار کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ 40 سے 42 روز کے لانگ حج کے اخراجات 12 لاکھ روپے جبکہ 20 سے 22 روزہ شارٹ حج کے اخراجات 13 لاکھ روپے ہوں گے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ عازمین سے اخراجات کی پہلی قسط 17 اگست سے وصول کی جائے گی، اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں دوسری قسط جمع کرانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حج ایپ کے علاوہ کسی اور طریقے سے مالی لین دین نہیں ہوگا، نجی اسکیم کے تحت بھی عازمین پاک حج ایپ سے ادائیگی کرسکیں گے، نجی عازمین آن لائن کمپنیوں میں سے خود کسی کا بھی انتخاب کرسکیں گے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سرکاری اسکیم میں شارٹ حج کے لیے 30 ہزار نشستیں رکھی ہیں،2027 میں حج سے محروم افراد اگلے سال کی ویٹنگ فہرست میں ہوںگے۔
