راجاز مارشل آرٹس کی ہونہار اور انٹرنیشنل چیمپئن کھلاڑی لائبہ رب نواز جنجوعہ نے قومی سطح پر ایک بار پھر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے کاتا بلیک بیلٹ کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
لاہور میں منعقد ہونے والے 5ویں نیشنل ڈریم کپ کراٹے فیسٹیول 2026 میں ملک بھر سے مارشل آرٹس کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ لائبہ رب نواز جنجوعہ نے بہترین تکنیکی مہارت، بھرپور تیاری اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کاتا بلیک بیلٹ کیٹیگری میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔
چیمپئن شپ کے موقع پر راجاز مارشل آرٹس کے شیہان راجہ خالد محمود جنجوعہ بھی لاہور میں موجود تھے، جنہوں نے اپنی ٹیم کی انٹرنیشنل چیمپئن اور گولڈ میڈلسٹ کھلاڑی کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر راجہ خالد محمود جنجوعہ نے کہا کہ لائبہ رب نواز کی جانب سے ایک اور گولڈ میڈل اور ٹائٹل کا حصول راجاز مارشل آرٹس کے لیے قابلِ فخر کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائبہ نے اپنی محنت، نظم و ضبط، عزم اور مسلسل تربیت کے ذریعے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ راجاز مارشل آرٹس کے کھلاڑی اپنی انتھک محنت اور مسلسل تربیت کے ذریعے قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک اور خطے کا نام روشن کر رہے ہیں، جبکہ لائبہ رب نواز کی یہ کامیابی دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔
