کراچی: سندھ کے صوبائی وزیر برائے ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کراچی کینٹ اسٹیشن سے آزادی ٹرین کو تھر کے لیے روانہ کر دیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈی ایس آپریشنز حامد فاروق قریشی سمیت پاکستان ریلوے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ سفاری ٹرین کو اجرک، پاکستانی پرچم اور قائدِ اعظم کی تصاویر والے پینا فلیکسز سے سجایا گیا ہے۔
تھر سفاری ٹرین میں 165 مسافر سوار ہیں جو آج شام تھر پہنچے گی، جبکہ 14 اگست کو تھر کے زیرو پوائنٹ سمیت مختلف مقامات پر جشنِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کے بعد کل شام کراچی واپس پہنچے گی۔
صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ ڈیزرٹ سفاری ٹرین کو آزادی ٹرین کے طور پر چلایا جا رہا ہے، جو پورے سندھ کی ثقافت کے رنگوں کی بھرپور نمائندگی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے سر فخر سے بلند ہوئے ہیں، اور ہم فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ پاکستان نے ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ اہم معاہدے کیے ہیں اور پاکستان اب دنیا میں امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک سے لوگ چھٹیاں گزارنے کراچی آئے ہیں اور ڈیزرٹ سفاری ٹرین میں بیرونِ ملک سے آنے والے سیاح بھی سفر کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ میں مذہبی سیاحت کے بھی کئی اہم مقامات موجود ہیں، جنہیں دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزادی ٹرین 14 اگست کو تھر میں جشنِ آزادی منائے گی اور اس موقع پر سندھ کی ثقافت، روایات اور پاکستان سے محبت کے خوبصورت رنگ نمایاں ہوں گے۔
واضح رہے کہ محکمہ ریلوے کے تعاون سے سندھ کے دیگر سیاحتی مقامات کے لیے بھی ٹرینیں چلانے کی کوششیں جاری ہیں۔
