اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کا مشہور ڈی چوک 12 سال بعد ایک مرتبہ پھر خصوصی سٹی پریڈ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر آج اسلام آباد میں خصوصی یوم آزادی سٹی پریڈ (Independence Day City Parade) منعقد کی جارہی ہے، جس میں شہریوں کو فیملی سمیت شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں تقریب کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 12 سال بعد ڈی چوک ایک مرتبہ پھر رونق بکھیرنے جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ آزادیٔ پاکستان کی مناسبت سے آج ڈی چوک اسلام آباد میں خصوصی سٹی پریڈ منعقد ہوگی۔ انہوں نے شہریوں کو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اس قومی جشن میں شریک ہونے کی دعوت دی۔
محسن نقوی نے اپنے پیغام میں پاکستانیوں سے کہا کہ وہ اس تقریب کا حصہ بنیں اور اپنے محبوب وطن کے جذبے، فخر اور قومی اتحاد کا جشن مل کر منائیں۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ یومِ آزادی کی مناسبت سے یہ خصوصی تقریب آج شام 5 بجے ڈی چوک میں ہوگی۔ انہوں نے شہریوں کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا، “See you at D-Chowk at 5 pm today” یعنی آج شام پانچ بجے ڈی چوک میں ملاقات ہوگی۔
انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام پاکستان ہمیشہ زندہ باد کے نعرے سے کیا۔
واضح رہے کہ اسلا م آباد کا ڈی چوک وفاقی دارالحکومت کے اہم ترین مقامات میں شمار ہوتا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس، ایوانِ صدر اور دیگر اہم سرکاری عمارتوں کے قریب واقع ہونے کے باعث یہ مقام پاکستان کی سیاسی اور قومی سرگرمیوں میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔
اب 12 سال کے طویل وقفے کے بعد اسی مقام پر یومِ آزادی کی خصوصی سٹی پریڈ کا انعقاد اسے مزید نمایاں بنا رہا ہے۔ تقریب کا مقصد جشنِ آزادی کو عوامی سطح پر منانے کے ساتھ قومی یکجہتی اور وطن سے وابستگی کے جذبے کو اجاگر کرنا ہے۔
