اسلام آباد : ساتویں ایف کلاس عالمی چیمپئن شپ میں پاکستان رائفل ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم کامیابیاں سمیٹ لیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی رائفل ٹیم ساتویں ایف کلاس عالمی چیمپئن شپ میں انفرادی عالمی چیمپئن اور ٹیم مقابلے کی رنراپ رہی۔ پاکستان نے ایف کلاس شوٹنگ میں انفرادی عالمی چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ اور ٹیم مقابلے میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ احسن گلریز کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے موسمی دشواری کے باوجود شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔بسلی برطانیہ میں منعقدہ ساتویں ایف کلاس عالمی چیمپئن شپ میں 24 ممالک کے 207 بہترین لانگ رینج شوٹرز نے شرکت کی۔12 سے 13 اگست کو 800، 900 اور 1000 یارڈز کے انفرادی مقابلوں کے بعد 15 اور 16 اگست کو ایف ٹی آر ٹیم کا مقابلہ ہوا۔12رکنی پاکستانی ٹیم نے انفرادی مقابلوں میں 4 طلائی، 4 چاندی اور 5 کانسی کے تمغے جیت کر چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ ایف ٹی آر تمغے حاصل کئے۔پاکستانی ٹیم نے ایف ٹی آر کیٹیگری میں چیمپئن شپ کے دوران سب سے زیادہ تمغے جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ جنید علی نے 207 حریفوں کو پیچھے چھوڑ کر انفرادی ایف ٹی آر عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
جنید علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 طلائی، ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت لیا۔انفرادی ایف ٹی آر عالمی چیمپئن کا اعزاز پاکستان کی بین الاقوامی ایف کلاس شوٹنگ کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی کامیابی ہے۔سپاہی محمد ولید نے ایک طلائی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔انڈر 25 کیٹیگری میں حذیفہ گل نے 3 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے حاصل کرکے شاندار کارکردگی دکھائی۔
احسن گلریز نےانڈر 25 کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ احسن گلریز، جنید علی، محمد ولید، عبید، قاسم، حذیفہ گل، جنید وقاص ٹاپ 100 شوٹرز میں شامل رہے۔15 اور 16 اگست کو ایف کلاس عالمی چیمپئن شپ کا ٹیم مقابلہ 800، 900 اور 1000 یارڈز پر منعقد ہوا۔ٹیم مقابلے میں سابق عالمی اور یورپی چیمپئنز سمیت 11 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا۔پاکستانی ٹیم نے انتہائی سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے بعد رنر اپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ٹیم سلور میڈل اپنے نام کرلیا۔پاکستانی ٹیم نے معمولی فرق سے کامیابی کا فاصلہ طے کرتے ہوئے پوڈیم پر جگہ بنائی اورچاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
پاکستان نے صرف تین سال میں ایف کلاس شوٹنگ میں عالمی سطح پر ایک مضبوط قوت کے طور پر مقام بنا لیا۔پاکستانی شوٹرز کی عالمی سطح پر شاندار کامیابیاں قومی ٹیلنٹ اور کھیلوں میں بڑھتی ہوئی مہارت کا ثبوت ہیں۔
