کینیا میں ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں ایکواڈور کے انٹیلی جنس چیف مائیکل سینسی کونٹوگی، ان کی اہلیہ اور 5 امریکی شہری ہلاک ہوگئے۔حادثہ صبح 9 بج کر 13 منٹ پر سامبورو کاؤنٹی میں پیش آیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے حادثے میں 5 امریکی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ہیلی کاپٹر سیاحتی پرواز پر تھا۔ ہیلی کاپٹر لویسابا وائلڈ لائف کنزروینسی سے ایواسو نیرو دریا کی جانب جا رہا تھا۔ تاہم راستے میں یہ ماؤنٹ اولو لوکوی کے جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
حادثے میں ایکواڈور کے اسٹریٹجک انٹیلی جنس سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل مائیکل سینسی کونٹوگی بھی ہلاک ہوئے۔ 44 سالہ سینسی کونٹوگی کو 2024 میں ادارے کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ ایکواڈور کی حکومت نے ان کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق ایکواڈورین صدر گیلرمو لاسو نے بھی ان کی موت کی تصدیق کی۔
امریکی میڈیا کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے 5 امریکی شہری بھی سیاحتی سفر پر تھے۔ ان میں این بی سی یونیورسل سے وابستہ صحافی جوز البرٹو بھی شامل تھے۔ حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔ کینیا کے متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
