اسلام آباد: وزارت خزانہ نے ملکی قرضوں کی تفصیلات پیش کردیں، دسمبر 2025ء تک پاکستان کا کل قرضہ 81 ہزار 374 ارب روپے ہے، حکومت نے پانچ برس میں قرضوں پر 32 ہزار 239 ارب روپے سود ادا کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ کا اجلاس پریذائڈنگ افسر منظور کاکڑ کی زیر صدارت شروع ہوا جس میں وزارت خزانہ نے ملکی قرضوں کی تفصیلات پیش کردیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق دسمبر 2025ء تک پاکستان کا کل قرضہ 81 ہزار 374 ارب روپے ہے، حکومت کا اندرون ملک سے حاصل کردہ قرضہ 55 ہزار 363 ارب روپے ہے، حکومت کا غیر ملکی قرضہ 23 ہزار 166 ارب روپے ہے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے 2 ہزار 845 ارب روپے قرضہ لیا گیا، سال 2021ء سے مالی سال 2026ء تک حکومت قرضوں پر مجموعی طور 32 ہزار 239 ارب روپے کا سود ادا کیا، سال 2021ء سے 2026ء تک ایک لاکھ 2 ہزار 780 ارب روپے کا قرضہ واپس کیا۔
