ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کی جانب سے نئی پابندیوں کی دھمکی مسترد کر دی ہے۔ انہوں نے امریکی اقدام کو مایوسی کی علامت قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ نئی پابندیاں ایران کو شکست نہیں دے سکیں گی۔ عباس عراقچی نے ٹیلیگرام پر جاری ایک ویڈیو میں امریکی پالیسی پر ردعمل دیا۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کو ’’بار بار دہرائے جانے والے منصوبوں‘‘ سے تعبیر کیا۔
عباس عراقچی نے امریکا پر زور دیا کہ وہ ایران کے ساتھ احترام کے ساتھ بات چیت کرے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حل کی بنیاد انصاف اور باہمی احترام ہونا چاہیے۔ عراقچی کے مطابق امریکا کی جانب سے پہلے کیے گئے اقدامات ایران کو دبانے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی امریکی پابندیاں بھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گی۔
