پاکستان نے بانڈز کی شکل میں مزید 3 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ حاصل کرلیا

پاکستان نے عالمی مارکیٹ سے بانڈز کی شکل میں مزید 3 ارب ڈالر کا بڑا قرضہ حاصل کرلیا۔ حکومت نے عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی کو ملکی معیشت کیلئے بڑی پیش رفت قرار دیدیا۔

وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ جاری کر دیے، جو عالمی معاشی میدان میں پاکستان کی تاریخ ساز کامیابی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کو 6 ارب ڈالر کے یورو بانڈ جاری کرنے کی پیشکشیں موصول ہوئی ہیں، اور ملک کو پہلی بار 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ یکمشت جاری کرنے کا موقع ملا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یورو بانڈ کا کامیاب اجرا پاکستان پر عالمی اعتماد کا عکاس ہے، پاکستان کے قرض واپس کرنے کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے کی وجہ سے یورو بانڈ کا کامیاب اجرا ممکن ہوا۔

وزارت خزانہ کے مطابق بانڈز ساڑھے 5 اور دس سال کی مدت کیلئے جاری کیئے گئے ہیں، پاکستان 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ پر 7.50 فیصد سے 7.90 فیصد تک سود ادا کرے گا۔ بانڈز کے اجراء سے حاصل ہونے والی رقم پرانا قرض چکانے کیلئے استعمال ہوگا۔

دوسری جانب گزشتہ روز مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے بتایا تھا کہ پاکستان کی جانب سے 5 سالہ اور 10 سالہ مدت کے دو مختلف ڈالر بانڈز پر مشتمل ڈوئل ٹرانچ یورو بانڈ پیش کیا جارہا ہے، جس کے ذریعے عالمی سرمایہ کاروں سے فنڈز حاصل کیے جائیں گے۔

مشیر خزانہ نے بتایا معاشی استحکام اور مضبوط میکرو اکنامک اشاریوں کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عالمی کیپیٹل مارکیٹس میں پاکستان کی واپسی معاشی اعتماد اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی عکاسی کرتی ہے، جب کہ یورو بانڈ کا اجرا عالمی مالیاتی نظام میں پاکستان کی دوبارہ مؤثر شمولیت کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے