کراچی کے کارڈیالوجسٹس نے عالمی طبی تحقیق میں پاکستان کا نام روشن کردیا۔
دل کےدورے کےعلاج سےمتعلق نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بند شریان میں ہر مریض کے لیے اسٹنٹ ڈالنا ضروری نہیں،جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے غیر ضروری اسٹنٹ سے بچا جاسکتا ہے۔
عالمی سطح پر ہونےوالی تحقیق میں 1800 سے زائد مریضوں کو شامل کیا گیا،جبکہ کراچی کے قومی ادارہ برائے امراضِ قلب، این آئی سی وی ڈی، سے بھی تقریباً 200 مریض تحقیق کا حصہ بنے۔
این آئی سی وی ڈی کےانٹرونشنل کارڈیالوجی پروگرام کےڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹرعبدالحکیم کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شریان میں خون کےبہاؤ اوررکاوٹ کی درست جانچ ممکن ہے،جس سے ایسے مریضوں کی نشاندہی کی جاسکتی ہے جنہیں اسٹنٹ کی ضرورت نہیں۔
ماہرین کے مطابق تحقیق کے نتائج دل کے دورے کے مریضوں کے علاج میں غیر ضروری اسٹنٹ سے بچاؤ اور بہتر طبی فیصلوں میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔
