کھلی کچہری میں ایف سی بلوچستان 61 ونگ کے کمانڈر کرنل سید فخر رفیق طلحہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سلمان علی بلیدی، اسسٹنٹ کمشنر اکبر علی، ڈی ایس پی بلاول سمیت مختلف محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔
کھلی کچہری میں اساتذہ، طالبات اور سیکڑوں خواتین نے شرکت کی اور اپنے مسائل ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کیے۔
خواتین کی جانب سے بجلی، گیس، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP)، بینظیر انکم نشوونما پروگرام، فیملی پارک، پبلک لائبریری، شاپنگ سینٹر، تعلیم، صحت، نادرا اور صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل اور مطالبات پیش کئے گئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ نے خواتین کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ محکموں کے افسران کو سائلین کی درخواستوں پر فوری کارروائی اور مسائل کے حل کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ خواتین کے مسائل کا حل اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے، عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور خواتین کی شکایات و تجاویز کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ BSDI کے تحت سوراب کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ ضلعی انتظامیہ عوام کو درپیش مسائل کے فوری ازالے کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
