قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پرائیویٹائزیشن نے پی آئی اے کی نجکاری کے بعد کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا ، پی آئی اے پر کمیٹی کا خصوصی اجلاس بلانے کی تجویز سامنے آ گئی ۔ اجلاس میں کے الیکٹرک کو بے قابو ہو چکا بے لگام گھوڑا بھی قرار دیا گیا ۔
فاروق ستارکی زیرصدارت کمیٹی اجلاس میں کمیٹی رکن صبا صادق نے کہا پی آئی اے کی نجکاری کے بعد اس کی کیٹرنگ خراب ہوگئی ۔ کرائے مزید بڑھ گئے ہیں، سیکرٹری نجکاری کمیشن نے بتایا پی آئی اے کے چھیاسٹھ فیصد شیئرز منتقل ہوچکے ۔ ملازمین کی ہیلتھ انشورنس اور جہازوں کی کنڈیشن بہتر ہوئی ۔ پروازوں میں تاخیر کی شکایات میں کمی آئی ہے ۔ رکن کمیٹی ارشد وہرہ نے کہا نجکاری کے بعد کے الیکٹرک ایسا گھوڑا ہےجسے نیپرا بھی کنٹرول نہیں کرسکتا ۔ غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے کراچی والوں کی چیخیں نکال دی ہیں ۔ ارشد وہرہ نے کہا آئیسکو، فیسکو،گوجرنوالہ الیکٹرک کی نجکاری میں کےالیکٹرک نجکاری کی غلطیاں نہ دہرائیں ۔ ورنہ ایسا نہ ہوکہ پھر یہ بھی نیپرا سے قابو میں نہ آئیں ۔
