نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ ہوگئے۔
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ 21 سے 25 ستمبر تک اقوام متحدہ کی اعلیٰ سطح کی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔
نیویارک میں اسحاق ڈارکامصروف سفارتی شیڈول ہوگا،جہاں انکی متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع ہیں،جنرل اسمبلی کے ہائی لیول ویک کے دوران وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اہم عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
اسحاق ڈار او آئی سی رابطہ گروپ برائےجموں و کشمیر کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے،جہاں مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا جائے گا۔
پاکستانی وفد او آئی سی وزرائےخارجہ کےسالانہ رابطہ اجلاس میں بھی شریک ہوگا،اسحاق ڈارگروپ آف ایٹ عرب واسلامی ممالک کے اجلاس اوردو ریاستی حل کے نفاذ سےمتعلق عالمی اتحاد کے وزارتی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
فلسطین سےمتعلق اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں پاکستان کی فعال شرکت متوقع ہے،فلسطینی عوام کے حق میں پاکستان کا مؤقف عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گا
نائب وزیراعظم وبائی امراض کی روک تھام،تیاری اور ردعمل سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے،جبکہ اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے کونسل اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
