حکومت سے مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیدی : بیرسٹر گوہر

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے علامہ ناصر عباس کی مذاکرات کی بات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ علامہ راجا ناصرعباس نےبات کی کہ وزیراعظم اپنی کمیٹی بنائیں ،ہم پر امن ہیں  پرامن رہیں گے، ہم اسلام آباد ایسےآئیں گے جیسے مئی 2025 میں ملک اور ریاست کے ساتھ کھڑے تھے،ہمارے ہاتھ میں پاکستان کے جھنڈے ہوں گے یہاں سب خوش ہوں گے،نہ تشدد پر اکسانا چاہیے اور نہ تشدد ہونا چاہیے، گرفتاریوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ارکان پارلیمان کو بھی  رہا کیا جائے۔

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹرگوہرعلی خان نے پارلیمنٹ کے باہر گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ معاملات بہتری کی طرف لے جانے کیلئے ہمیشہ کوشش کی مفاہمت کا راستہ کبھی بند نہیں کیا،انصاف نہ ملے بات نہ سنی جائے مطالبات ایڈریس نہ ہوں تو احتجاج نہ کرنے کا مطالبہ کیسے کیا جا سکتا ہے،عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہو ملاقاتوں وعلاج کے معاملات حل نہ ہوں تو حالات کیسے بہتر ہوں گے، جمہوری معاشروں میں بہتری زبانی دعوؤں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے آتی ہے، ریاست سنجیدہ ہے تو عملی اقدامات کرے، ہمیں محسوس ہونا چاہیے ہمارے مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ان شاء اللہ ضرور ہوگا مکمل طور پر پرامن ہوگا، ہم اسلام آباد کی طرف آئیں گےاسلام آباد میں داخلے کے بعد بھی پرامن ماحول برقرار رکھا جائےگا، لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گا اسٹال لگے ہوں گے میلے کا سماں ہوگا، پی ٹی آئی نے مفاہمت کا راستہ کبھی بند نہیں کیا رابطے آج بھی موجود ہیں، بانی کے خاندان کی خواتین اور پارٹی کارکنوں سے متعلق اقدامات پر ہمارے تحفظات ہیں،  ریاست کو اپنے اقدامات پر نظرثانی کرنی چاہیے،  موجودہ صورتحال سے ریاست اور جمہوریت کو نقصان ہوگا۔

ان کا کہناتھا کہ پاکستان ہمارا ہے اسلام آباد بھی ہمارا ہے،  ہمیں ووٹ دینے والے عوام کے راستے میں رکاوٹیں نہیں ہونی چاہیے، پی ٹی آئی نے رابطوں اور مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، جب تک انصاف نہیں ملتا اور بنیادی مطالبات پر پیش رفت نہیں ہوتی تب تک سیاسی جدوجہد جاری رہے گی،  حکومت سےمذاکرات کیلئےپی ٹی آئی نےمذاکراتی کمیٹی تشکیل دےدی ہے، کمیٹی میں محمود اچکزئی، علامہ راجا ناصرعباس،اسد قیصر اور میں شامل ہوں،  کمیٹی لانگ مارچ کے دوران بھی اسلام آباد میں موجود ہوگی،لانگ مارچ کے دوران اگر بات چیت کی ضرورت ہوئی تو کریں گے ۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے