حکومت نے غیر ترقی یافتہ علاقوں میں براڈ بینڈ اور ٹیلی کام انفرا اسٹرکچر بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ کی زیرصدارت یو ایس ایف پالیسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران مالی سال 27-2026 کےبجٹ کی منظوری دے دی گئی ۔
یونیورسل سروس فنڈ کے 32 ارب 90 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کیا گیا ، یوایس ایف بجٹ دوردراز اور کم سہولیات والے علاقوں میں ڈیجیٹل رابطوں کیلئے مختص کیا گیا ہے۔
جاری منصوبوں کے لیے یو ایس ایف کے 24 ارب 89 کروڑ روپے ، نئے منصوبوں کے لیے 6 ارب 56 کروڑ روپے مختص کر دیئے گئے ۔
وزارت آئی ٹی کے مطابق یو ایس ایف کے 28 منصوبے اس وقت زیر عمل ہیں، یو ایس ایف کے 17 موبائل براڈ بینڈ منصوبے زیرعمل ہیں، یو ایس ایف کے 11 آپٹیکل فائبر نیٹ ورک منصوبے زیرِ عمل ہیں، نئے 9 موبائل براڈ بینڈ منصوبوں ، نئے 4 آپٹیکل فائبر نیٹ ورک منصوبوں کی منظوری دیدی گئی ۔
یو ایس ایف کے دونوں پروگرامز کے تحت چھوٹے منصوبوں کے لیے بھی فنڈز مختص کیئے گئے ہیں، یو ایس ایف کو پہلی سہ ماہی کے لیے 5 ارب 57 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔
