نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) نے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ 28ویں آئی ٹی سی این ایشیا 2026 میں شرکت کرتے ہوئے اپنی جدید آئی سی ٹی مصنوعات اور سروسز متعارف کرائیں، جبکہ ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور آئی سی ٹی انفراسٹرکچر کے مستقبل پر قومی سطح کا اہم راؤنڈ ٹیبل بھی منعقد کیا۔
22 سے 24 ستمبر تک جاری رہنے والی تین روزہ نمائش میں این ٹی سی نے ہال 2 میں اپنا اسٹال قائم کیا، جہاں صنعت سے وابستہ ماہرین، ٹیکنالوجی لیڈرز اور شرکاء کو ادارے کی جانب سے تیار کردہ جدید مصنوعات اور مختلف آئی سی ٹی سروسز و سلوشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ این ٹی سی کے مطابق نمائش کے دوران صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ افراد کی جانب سے ادارے کی کاوشوں میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
آئی ٹی سی این ایشیا 2026 کی افتتاحی تقریب میں این ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر میجر جنرل (ر) علی فرحان، ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے مضبوط اور قابلِ اعتماد آئی سی ٹی انفراسٹرکچر کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ڈیجیٹل خدمات کے مؤثر تسلسل کے لیے قابلِ اعتماد آپٹیکل فائبر نیٹ ورکس، ڈیٹا سینٹرز، بلاتعطل بجلی اور مضبوط سائبر سیکیورٹی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
میجر جنرل (ر) علی فرحان نے ڈیجیٹل معیشت کی ترقی میں این ٹی سی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے خودمختار کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر، ڈیٹا خودمختاری، سائبر سیکیورٹی، کلاؤڈ سروسز اور مصنوعی ذہانت سے متعلق انفراسٹرکچر کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
این ٹی سی کیجانب سے منعقد کیے گئے قومی سطح کے راؤنڈ ٹیبل کا موضوع ’’کم لاگت میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ کے لیے آئی سی ٹی انفراسٹرکچر نیوٹرلٹی‘‘ تھا۔ اجلاس میں ٹیکنالوجی ماہرین، پالیسی سازوں، صنعت کے نمائندگان اور ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی اور پاکستان میں محفوظ، مضبوط اور کم لاگت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
میجر جنرل (ر) علی فرحان نے قومی سطح کے راؤنڈ ٹیبل کے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اس کے مقاصد اور پس منظر پر روشنی ڈالی، جبکہ کلیدی پریزنٹیشن بھی دی۔ بعد ازاں انہوں نے راؤنڈ ٹیبل ڈسکشن کی صدارت کی، جس میں ملک کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل ضروریات کے تناظر میں مؤثر، مشترکہ اور مضبوط آئی سی ٹی انفراسٹرکچر کی ضرورت پر گفتگو کی گئی۔اجلاس میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، قومی کلاؤڈ فرسٹ پالیسی، خودمختار نیٹ ورک کنٹرول، مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجیز اور مضبوط و کم لاگت ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے لیے درکار انفراسٹرکچر جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔
قومی سطح کے راؤنڈ ٹیبل سیشن میں ڈاکٹر شعیب احمد خان، فاؤنڈر و سی ای او CARE (پرائیویٹ) لمیٹڈ، مسٹر جمیل الرحمٰن، سینئر جنرل منیجر (آئی ٹی)/CTIO، سوئی سدرن گیس کمپنی، سید ایاز علی، سینئر انٹرپرائز اکاؤنٹ منیجر، TP-Link، متحدہ عرب امارات و پاکستان، اور محمد جواد پراچہ، ماسٹر انوینٹر و AI Accelerators Delivery Leader، IBM اور چئیرمن پاشا سمیت دیگر اعلی حکام و ماہرین نے بھی شرکت کی۔
دریں اثنا، آئی ٹی سی این ایشیا 2026 کے موقع پر نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور پورٹ قاسم اتھارٹی (PQA) کے درمیان ایک اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر بھی دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت انٹرنیٹ سروسز، محفوظ نیٹ ورک کنیکٹیویٹی، سائبر سیکیورٹی سلوشنز، کلاؤڈ اور ڈیٹا سینٹر سروسز، یونیفائیڈ کمیونیکیشنز اور انٹرپرائز ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔
آئی ٹی سی این ایشیا 2026 میں این ٹی سی کی شرکت نے ادارے کو ٹیکنالوجی ماہرین، صنعت کے نمائندگان، پالیسی سازوں اور ماہرینِ تعلیم کے ساتھ تبادلہ خیال اور ممکنہ تعاون کے مواقع پر گفتگو کا موقع فراہم کیا۔ نمائش اور راؤنڈ ٹیبل کے ذریعے پاکستان میں محفوظ، قابلِ رسائی، مضبوط اور کم لاگت ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایکسپو میں این ٹی سی کی شرکت کو اس کی اسٹریٹجک کاروباری، مارکیٹنگ، تعلقاتِ عامہ، ڈیجیٹل مواصلات اور سوشل میڈیا آؤٹ ریچ (رسائی) کی سرگرمیوں کا بھی بھرپور تعاون حاصل رہا۔ NTC کی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز، ڈاکٹر عائشہ علی جو کارپوریشن کے تعلقاتِ عامہ اور ڈیجیٹل و سوشل میڈیا مواصلاتی اقدامات کی نگرانی کرتی ہیں نے ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ فریقین اور عوام کے ساتھ NTC کی ڈیجیٹل موجودگی اور رابطوں کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن ہوا، جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی نے اختتامی کلمات میں قابلِ عمل تجاویز، پالیسی سفارشات اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے لیے عمل درآمد کے روڈ میپ پر روشنی ڈالی۔
