ایران امریکا جنگ اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں حکومتی کفایت شعاری مہم کے پہلے مرحلے میں بچت کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
دستاویز کےمطابق 9 مارچ سے 19 جون تک وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مجموعی طور پر 188.57 ارب روپے کی بچت کی، 50 فیصد فیول کٹوتی کے باعث وفاقی حکومت نے 127 ارب روپےکی بچت کی، جبکہ سرکاری اداروں اور دیگر شعبوں میں مزید 100 ارب روپے کی بچت ہوئی۔
دستاویز کےمطابق پنجاب حکومت نےکفایت شعاری اقدامات سے 26.41 ارب روپے،خیبر پختونخوا نے 4.52 ارب،بلوچستان نے 2.57 ارب، سندھ نے 81 کروڑ جبکہ گلگت بلتستان نے 99 کروڑ روپے کی بچت کی۔
وزارت خزانہ کی دستاویز کےمطابق کفایت شعاری اقدامات سےحاصل فنڈزکا بڑا حصہ عوامی ریلیف پر خرچ کیاگیا، 145.78 ارب روپے عوامی ریلیف کے لیے استعمال کیے گئے۔
عوامی ریلیف میں سرکاری بسوں میں ایک ماہ کا مفت سفر اور موٹرسائیکل و ٹرانسپورٹ کے لیے فیول سبسڈی شامل تھی۔
دستاویز کےمطابق کفایت شعاری سےحاصل بچت میں سے 22.27 ارب روپےصوبوں کو واپس کیے گئےجبکہ تمام ادائیگیوں اور ری فنڈز کے بعد 20.49 ارب روپے کا بیلنس ریکارڈ کیا گیا۔
