جمہوریہ کانگو میں فوجی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے۔ہلاک افراد میں دو اعلیٰ فوجی افسران بھی شامل ہیں۔ دونوں افسران اہم فوجی عہدوں پر فائز تھے۔
کانگو کی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں لیفٹیننٹ جنرل جوزف موتومبو کاتالائی تیندے بھی شامل ہیں۔وہ ہائی ملٹری کورٹ کے پہلے صدر تھے۔ دوسرے افسر لیفٹیننٹ جنرل لوکیولیا باکومی تھے۔وہ مسلح افواج کے آڈیٹر جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔فوج کے ترجمان میجر جنرل ایفومی ایکینج کے مطابق وفد کے دیگر ارکان اور طیارے کا عملہ بھی حادثے میں ہلاک ہوا۔
طیارہ مغربی شہر کِک وٹ سے دارالحکومت کنشاسا جا رہا تھا۔مقامی حکام کے مطابق دوران پرواز طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔ پائلٹ نے کِنگے میں اترنے کی کوشش کی۔تاہم وہاں مناسب رن وے دستیاب نہیں تھا۔ اس دوران طیارہ ایک رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔
کانگو کے حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم حادثے کی اصل وجہ معلوم کرے گی۔حکام طیارے کی فنی حالت اور پرواز کے آخری مراحل کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ صدر فیلکس تشیسکیدی نے بھی حادثے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔
