تین روزہ اجلاس میں ایس سی او کے 10 رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز شرکت کریں گے، جو تنظیم کے اندر رکن ممالک کے درمیان رابطہ کاری کے ذمہ دار ہیں۔
اس اجلاس کے سلسلہ میں 2سال بعد کسی بھارتی وفد کی پاکستان آمد ہوئی، نیشنل کوآرڈینیٹرالوک امیتابھ دیمری بھارتی وفد کی قیادت کررہےہیں، اجلاس میں پاکستان کی 2026-27 کی صدارت کے پروگرام کو حتمی شکل دینے اور آئندہ اجلاسوں و تقریبات کی تیاریوں پر غور کیا جائے گا۔
پاکستان نے رواں ماہ ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ کی گردشی صدارت سنبھالی ہے، پاکستان اپنی صدارت کے دوران علاقائی رابطہ کاری، جدت، اقتصادی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان ان ترجیحات کو آگے بڑھانے اور ایس سی او کے اندر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام رکن ممالک اور ایس سی او سیکریٹریٹ کے ساتھ قریبی تعاون کرے گا۔
وزارت کے مطابق پاکستان کا مقصد رکن ممالک کے مشترکہ وژن کو عملی اور باہمی مفید اقدامات میں تبدیل کرنا ہے۔
کونسل آف نیشنل کوآرڈینیٹرز کا اجلاس 28 سے 30 ستمبر تک اسلام آباد میں جاری رہے گا، اجلاس کی صدارت پاکستان کے لیے ایس سی او کے نیشنل کوآرڈینیٹر کریں گے، جبکہ تنظیم کے سیکریٹریٹ کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
ایس سی او یوریشین سیاسی، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کی تنظیم ہے، جو 2001 میں چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان نے قائم کی تھی، پاکستان اور بھارت 2017 میں مکمل رکن بنے، ایران نے 2023 میں شمولیت اختیار کی جبکہ بیلاروس 2024 میں تنظیم کا 10واں رکن بن گیا۔
