ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران کو فوجی ذرائع سے جھکانے میں ناکامی کے بعد نئی حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں۔ان کے مطابق دونوں ممالک اب ایران کے اندرونی اختلافات کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ ملک میں تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے پزشکیان کے بیان کی اطلاع دی۔صدر پزشکیان نے بڑے شہروں اور صوبائی دارالحکومتوں کے میئرز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے ایران کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے ذریعے ایرانی عوام کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے میں ناکامی کے بعد مخالفین نے اپنی توجہ اندرونی محاذ پر مرکوز کردی ہے۔
مسعود پزشکیان نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل ایران میں اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ان کے مطابق مخالفین اندرونی اختلافات کو بڑھانے اور معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایرانی صدر نے شہریوں سے قومی اتحاد برقرار رکھنے پر زور دیا۔
پزشکیان نے کہا کہ ملک کو کمزور کرنے کے بجائے شہریوں کی شرکت اور تعاون بڑھایا جانا چاہیے۔انہوں نے قومی اتحاد اور یکجہتی کو ایران کے لیے اہم قرار دیا۔ایرانی صدر کے مطابق موجودہ حالات میں عوامی تعاون ملک کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
