لاہور: پاکستان ہاکی کے معروف کھلاڑی اور سابق اولمپین خواجہ ذکاء الدین 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ پاکستان کی تاریخی 1960 اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے۔
خواجہ ذکاء الدین 27 اکتوبر 1936 کو جالندھر، مشرقی پنجاب میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1958 سے 1966 تک پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس دوران انہوں نے 56 بین الاقوامی میچز کھیلے اور 26 گول اسکور کیے۔
خواجہ ذکاء الدین 1960 کے روم اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کا حصہ تھے۔ پاکستان نے فائنل میں بھارت کو ایک صفر سے شکست دے کر پہلی مرتبہ اولمپک گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔
وہ 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں سلور میڈل جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایشین گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔
خواجہ ذکاء الدین 1958 کے ٹوکیو ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ رہے۔انہوں نے 1962 کے جکارتہ ایشین گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔ پاکستان نے اس ایونٹ میں اپنا اعزاز برقرار رکھا۔
1966 کے بینکاک ایشین گیمز میں بھی وہ پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ اس ایونٹ میں پاکستان نے سلور میڈل حاصل کیا۔ یوں خواجہ ذکاء الدین کو مسلسل تین ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل رہا۔
