لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔ شہر کا موجودہ ایئر کوالٹی انڈیکس 167 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عالمی ایئرمانیٹرز کے مطابق لاہور کا ایئرکوالٹی انڈیکس عالمی ادارہ صحت گائیڈلائنز سے 13.3 گنا مضر ہے، لاہور کا ایئرکوالٹی انڈیکس صبح کے وقت 297 ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں ایک ماہ کا سب سے زیادہ ایئرکوالٹی انڈیکس آج صبح ریکارڈ کیا گیا، کاہنہ اوراطراف کے علاقوں کا ایئرکوالٹی انڈیکس 253 ، ڈیفنس اور اطراف کے علاقوں کا اے کیو آئی 198 ریکارڈ کیا گیا۔
فضائی آلودگی کے دوران کی جانے والی اہم احتیاطی تدابیر
آلودگی کے دوران باہر گھومنے سے اجتناب کریں اور خاص طور پر اگر آپ کسی سانس کی بیماری کا شکار ہیں تو جہاں تک ممکن ہو سکے گھر یا چار دیواری کے اندر رہیں۔
فضائی آلودگی کے دوران دروازوں اور کھڑکیوں کو بند رکھیں اور اگر گھر میں ایئر پیوریفائرز ہیں تو اُن کا باقاعدگی سے استعمال کریں۔
سموگ کے دوران کھلے ماحول یا علاقے میں جاگنگ اور ورزش سے اجتناب کریں۔ اگر آپ نے ہر صورت ورزش کرنی ہے تو گھر کے اندر ہوادار جگہ پر کریں۔
فضائی آلودگی کے دوران جب بھی باہر جانا چاہیں تو ماسک کا ضرور استعمال کریں۔ سموگ کے دوران باہر جاتے وقت این 95 یا این 99 ماسک استعمال کریں تاکہ سانس لیتے وقت نقصان دہ مواد آسانی سے فلٹر ہو سکے۔
فضائی آلودگی کی ایک بڑی وجہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں بھی ہے، اس لیے سموگ کے دوران اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ یا کار پول کا استعمال کریں۔ اس سے سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد میں کمی آئے گی جس سے فضائی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔
اپنے گھر میں ایئر پیوریفائرز کا استعمال لازمی کریں۔ ایئر پیوریفائرز سے گھر کے اندر موجود آلودہ ذرے صاف ہوتے ہیں جس سے تمام گھر والوں کو صاف ہوا ملتی ہے۔
