سول سرونٹس کو دہری شہریت سے متعلق نئے قواعد کے تحت ڈیکلریشن جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ افسران کو دہری شہریت سے متعلق ڈیکلریشن ایک ہفتے میں جمع کرانے کا پابند بنا دیا گیا ہے اور مقررہ مدت میں ڈیکلریشن جمع نہ کرانے پر کارروائی کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے ۔
ڈیکلریشن جمع نہ کرانےیا غلط معلومات فراہم کرنے کو مس کنڈکٹ تصور کیا جائے گا، ڈیکلریشن میں افسران اور ان کے زیر کفالت افراد کی دہری شہریت کی حیثیت ظاہر کرنا ہو گی، افسران کو کسی بھی غیر ملکی سفری دستاویزات رکھنے سے متعلق بھی معلومات دینا ہوں گی۔
غیرملکی شہری سے شادی کی صورت میں بھی متعلقہ معلومات ڈیکلریشن میں ظاہر کرنا لازم قرار دیا گیاہے ، سول سرونٹس کو دہری شہریت سے متعلق ڈیکلریشن ایسٹبلشمنٹ ڈویژن کو جمع کرانا ہو گا۔ ڈیکلریشن جمع نہ پرافسران کیخلاف سول سرونٹس ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز کے تحت کارروائی ہو گی۔
متعدداعلیٰ افسران کی جانب سے تاحال ڈیکلریشن جمع نہ کرانے کا انکشاف ہواہے جس کے بعدچیف سیکرٹریز اور صوبائی پولیس افسران کو بھی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔
وزارتوں اور ڈویژنز کے ساتھ چیف سیکرٹریز اور صوبائی پولیس افسران کو بھی مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، سول سرونٹس ڈسکلوزر اینڈ پروہیبیشن آف فارن اینڈ ڈوئل نیشنلٹی رولز 2026 پر عملدرآمد تیز کرنےکی ہدایت کی گئی ہے ۔
ڈیکلریشن جمع کرانے کی اصل مدت سرکاری گزٹ میں قواعد کے نفاذ کے بعد 90 دن مقررکی گئی ، اسٹبلشمنٹ ڈویژن کی2 اکتوبر2026 کےمراسلے میں زیر التوا ڈیکلریشنز فوری جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق ڈیکلریشن میں غلط معلومات فراہم کرنا بھی محکمانہ کارروائی کا سبب بن سکتا ہے۔
