سوشل میڈیا پر جرمن خاتون بن کر شہریوں سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کا فراڈ کرنے والا گینگ گرفتار کرلیا گیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان نے شہریوں سے جرمنی میں کاروبار کروانے کا جھانسہ دے کر رقم ہتھیائی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر این سی سی آئی اے وہاب احمد کے مطابق فراڈ میں 25 ملزمان کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جن میں سے 4 کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فراڈ میں ملوث ملزمان کا تعلق ایبٹ آباد اور اسلام آباد سے ہے، جبکہ ملزمان نے سوشل میڈیا پر جرمن خاتون بن کر شہریوں سے رابطے کیے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق سائبر فراڈ کیس میں تمام متعلقہ بینک ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے سائبر کرائم ہزارہ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
