اسحاق ڈار نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ تینوں پاکستانیوں کو جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم کے ہمراہ ادیس ابابا پہنچا دیا گیا ہے، تینوں عملے کے ارکان کا ادیس ابابا میں استقبال کیا جائے گا۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ان شاء اللہ تینوں پاکستانی ایتھوپین ایئرلائنز کی کراچی جانے والی پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے پاکستان روانہ ہوں گے، جو متوقع طور پر 7 اکتوبر کو روانہ ہوگی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت صومالیہ اور یورپی یونین نیول فورس (EUNAVFOR) آپریشن اٹلانٹا کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، جو ایم ٹی آنر 25 کے قریبی علاقے میں موجود تھے اور جنہوں نے عملے کی رہائی یقینی بنانے میں معاونت اور تعاون فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سمندری قزاقی کے خلاف کارروائی اور بین الاقوامی بحری راستوں کی سلامتی اور آزادانہ آمدورفت کے تحفظ کے لیے دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر بدستور قائم ہے۔
