پشاور ہائیکورٹ نے سیاسی سرگرمیوں اور احتجاجی لانگ مارچ کے لیے سرکاری وسائل کے مبینہ استعمال سے متعلق کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے جواب طلب کرلیا۔
چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کی سربراہی میں پشاور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سرکاری وسائل کے مبینہ استعمال کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار کے مطابق وزیراعلی سیاسی سرگرمیوں کےلیے سرکاری وسائل کااستعمال کر رہا ہے، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے لکی مروت لانگ مارچ کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ نومبر 2025 میں پشاور ہائیکورٹ نے اپنے ایک اہم فیصلے میں سیاسی سرگرمیوں کے لیے سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ لانگ مارچ کے دوران سرکاری وسائل کے استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران سے وضاحت طلب کی جائے۔ سماعت کے دوران عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے معاملے پر جواب طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا۔
