وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ترک جہاز کی آمد اور سروے کے آغاز کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو سمندری اجازت ناموں، بندرگاہی کارروائیوں، سکیورٹی، آپریشنل انتظامات اور دیگر ضروری امور بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں تقریباً 2 دہائیوں بعد سمندر میں تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے جارہی ہیں اور ترک پیٹرولیم آف شور کمپنی (TPOC) کا خصوصی سیسمک سروے جہاز 17 سے 20 نومبر کے درمیان کراچی پہنچے گا۔
ترکیہ نے مشرقی آف شور انڈس سی بلاک کی آپریٹرشپ حاصل کرلی ہے جس کے تحت مشترکہ منصوبے میں ترک کمپنی کے 25 فیصد، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے 35 فیصد جب کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) اور میری انرجیز کے 20، 20 فیصد حصص ہوں گے۔
ترک جہاز سمندر کی تہہ کے نیچے موجود ارضیاتی ساختوں کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی سیسمک سروے کرے گا جس سے ممکنہ تیل و گیس کے ذخائر کی نشاندہی اور مستقبل میں کھدائی کے لیے موزوں مقامات کے تعین میں مدد ملے گی تاہم سروے سے تجارتی بنیادوں پر قابلِ حصول ذخائر کی موجودگی ثابت نہیں ہوگی اور اس کے لیے مزید کھدائی اور تکنیکی و تجارتی جائزہ درکار ہوگا۔

