عرفان اطہر قاضی
پاکستان کی سیاست میں ”باندر کلّہ “ کا کھیل کوئی نئی روایت نہیں، البتہ ہر دور میں اس کھیل کے کردار، تماشائی اور طریقہ واردات بدلتے رہتے ہیں۔ یہاں نظام سے مرادکوئی ادارہ ہرگز نہیں بلکہ ملک کا حکومتی اور انتظامی نظام ہے، جو ان دنوں اتحادی سیاست کے ہاتھوں اس قدر دباؤ کا شکار دکھائی دیتا ہے کہ حکومت کی اپنی مرضی اور اختیار بھی کہیں پس منظر میں چلے گئے ہیں۔ پنجاب کے روایتی کھیل باندر کلّہ میں ایک شخص کو کھونٹے کے ساتھ باندھ کر جوتے مارے جاتے ہیں۔ آج ہماری اتحادی حکومت کی سیاسی حالت بھی کچھ ایسی ہی دکھائی دیتی ہے۔ ایک اتحادی جماعت اٹھتی ہے، حکومت کو آنکھیں دکھاتی ہے، اپنی شرائط سامنے رکھتی ہے اور اپنی مرضی کے فیصلے منوا کر چلی جاتی ہے۔ حکومت کبھی ایک اتحادی کی ناراضی دور کرنے میں مصروف ہوتی ہے تو کبھی دوسرے کے تحفظات دور کرنے کیلئے دوڑ دھوپ کر رہی ہوتی ہے۔ گویا حکومت کلّے سے بندھی ہے اور اتحادی جماعتیں باری باری اسے نشانہ بنا رہی ہیں۔ اس کھیل کی ابتدا کئی دہائیاں پرانی ہے۔ شاید آج کی نوجوان نسل کو اس سیاسی روایت کا پورا پس منظر معلوم نہ ہو، لیکن ہم نے اپنے سیاسی منظرنامے میں یہ تماشا بارہا دیکھا ہے۔ ہمارے سیاستدان اس گمشدہ روایتی کھیل کو پوری آب و تاب سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہر دور میں کوئی نیا سیاسی کردار سامنے آ تا ہے، اسے اقتدار کے کھونٹے سے باندھ کر کبھی اِدھر سے جوتے پڑتے ہیں اور کبھی اُدھر سے، لیکن حکومت اپنی بقاکی خاطر خاموشی سے یہ سب برداشت کرتی رہتی ہے۔ کردار بدل جاتے ہیں، چہرے تبدیل ہو جاتے ہیں، مگر کھیل وہی رہتا ہے۔ آج بھی ایک طرف اتحادی جماعتیں حکومت سے اپنے مطالبات منوانے کیلئے دباؤبڑھا رہی ہیں تو دوسری طرف حکومت ان کے ناز نخرے اٹھانے میں مصروف ہے۔ موجودہ حکومتی نظام یقیناًپریشان ہے، لیکن ہمت اور حوصلے کے ساتھ اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کی طرف سے پڑنے والی سیاسی ضربیں بھی برداشت کر رہا ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر یہ کھیل کب تک جاری رہے گا اور اس کی قیمت کون ادا کرئیگا؟ شہباز حکومت کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا جائے تو محسوس ہوتا ہے کہ مشکلات صرف اپوزیشن کی احتجاجی سیاست یا معاشی چیلنجوں تک محدود نہیں بلکہ حکومتی اتحاد کے اندر بھی کئی محاذ کھلتے جا رہے ہیں۔ حکومت بظاہر قائم ہے، اسمبلی میں اسکے پاس اتحادیوں کی حمایت بھی موجود ہے، لیکن اس حمایت کی قیمت مسلسل ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ یہ صورتحال کسی مضبوط حکومتی نظم و نسق کی علامت نہیں، اس سیاسی کشمکش کا ایک نیا باب اس وقت شروع ہوا جب وفاقی وزیر داخلہ نے نئے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کی بحث کو ایک مرتبہ پھر عملی سیاست کے مرکز میں لا کھڑا کیا۔ اگرچہ نئے صوبوں کا مطالبہ کوئی نئی بات نہیں لیکن اس مرتبہ وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے اس معاملے کو نئے انداز میں سامنے لانے سے سیاسی ماحول میں ایک نئی گرما گرمی پیدا ہو گئی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان میں نئے صوبوں کی ضرورت واقعی انتظامی بنیادوں پر محسوس کی جا رہی ہے یا اس بحث کے پیچھے سیاسی ضرورتیں بھی کارفرما ہیں؟ جنوبی پنجاب کا معاملہ ہو یا سندھ میں نئے صوبے کی بحث، ہزارہ ہو یا بلوچستان کے انتظامی مسائل، ان تمام سوالات کو محض سیاسی نعرہ قرار دے کر ہمیشہ کیلئے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ لیکن نئے صوبے بنانا کوئی ایسا فیصلہ بھی نہیں جسے چند سیاسی ملاقاتوں یا حکومتی بیانات کے ذریعے عملی شکل دی جا سکے۔ یہی وجہ ہے کہ اس معاملے کو اچانک سیاسی ماحول میں اچھالنے سے کئی سوالات پیدا ہوئے ہیں۔ پیپلز پارٹی سندھ میں نئے صوبوں کے معاملے پر اپنے مخصوص سیاسی مو قف اور انتخابی مفادات رکھتی ہے، جبکہ ایم کیو ایم اسے اپنے سیاسی ایجنڈے کا اہم حصہ سمجھتی ہے۔ ایسے میں وفاقی حکومت کے اندر موجود اتحادیوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا آسان نہیں ہوگا۔دوسری طرف خود حکومتی صفوں سے ایسی آوازیں بلند ہونا شروع ہو گئی ہیں جنہیں معمول کی سیاسی بیان بازی قرار دے کر نظرانداز کرنا آسان نہیں۔ حکومتی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ کی جانب سے حکومتی اقتصادی پالیسیوں پر سوالات اٹھانا اس بات کا اشارہ ہے کہ معاملات صرف اپوزیشن کی تنقید تک محدود نہیں رہے۔ اسی طرح وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب میں بغیر ثبوت مبینہ کرپشن، بعض معاملات میں بے ضابطگیوں اور اپنی حکومت کے بارے میں تحفظات و خدشات کا اظہار بھی سیاسی منظرنامے میں غیر معمولی ہے۔ حکومتی صفوں میں بیٹھے افراد کی ایسی گفتگو محض سیاسی جملے نہیں ہوتی بلکہ بعض اوقات آنیوالے طوفان کی پیشگی دستک بھی ثابت ہوتی ہے۔ اگر حکومتی اتحادی اپنی ہی حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھانے لگیں تو یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ کیا انہیں پہلے ان معاملات کا علم نہیں تھا یا اب سیاسی حالات نے انہیں’ بولنے‘ پر مجبور کر دیا ہے؟ یہی وہ معاملات ہیں جنہیں موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں بھی پڑھنے کی ضرورت ہے۔ یہ تو اپوزیشن کیلئے ایک فطری موقع ہے کہ وہ حکومت کی کمزوریوں کو اجاگر کرکے اتحادیوں کے تحفظات کو سیاسی بیانئے کا حصہ بنا کر اور عوامی مسائل پر احتجاجی تحریک کو منظم کرسکے۔اگر بڑے صوبوں کے انتظامی مسائل واقعی حل کرنا مقصود ہیں تو اس کیلئے قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ آج کے حالات میں یہی خدشہ محسوس ہو رہا ہے۔ مارچ سے پہلے کسی بڑے سیاسی بھونچال، لانگ مارچ یا سیاسی احتجاج کا امکان محض ایک قیاس آرائی نہیں بلکہ موجودہ سیاسی ماحول میں زیر گردش ایک اہم سوال بن چکا ہے۔ یہ ایک پیغام بھی ہے، انتباہ بھی اور حالات کو سمجھنے والوں کیلئے وارننگ بھی کہ سیاسی فضا میں کچھ ایسا پک رہا ہے جسکے اثرات آنے والے دنوں میں زیادہ واضح ہو سکتے ہیں۔

