صغری صدف
یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ اب پنجاب کے لوگ اپنی دھرتی، اپنی ثقافت، زبان اور اپنے حقیقی ہیروز کے ساتھ دوبارہ جڑت پیدا کر رہے ہیں۔آجکل پورے پنجاب میں اپنی تاریخ اور ثقافتی شناخت کے حوالے سے جو آگاہی کی مہم چل رہی ہے، وہ نہایت حوصلہ افزا اور اطمینان بخش ہے۔
ایک وقت تھا جب پنجاب کے بیشتر لوگ اپنی دھرتی کے آزادی کے متوالوں، مزاحمت کاروں اور اپنے حقوق کیلئے لڑنے والے جنگجوؤں سے واقف ہی نہیں تھے، اس تاریخی ناواقفیت کا نتیجہ یہ نکلا کہ ہم نے کئی حملہ آوروں اور ظالم حکمرانوں کو اپنا ہیرو بنا لیا۔ ان کے ناموں پر بڑی بڑی عمارتیں اور میزائلوں کے نام رکھ لئے مگر اپنی سرزمین کے دفاع اور آزادی کیلئے لڑنے والوں کو تاریخ کے حاشیوں میں دھکیل دیا گیا۔اس کی ایک بڑی وجہ ہمارا نصاب اور تاریخ نویسی کا وہ یک طرفہ انداز تھا جس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے ان مزاحمت کاروں کو مناسب جگہ نہیں دی گئی جنہوں نے مختلف ادوار میں بیرونی حملہ آوروں، نوآبادیاتی قوتوں اور استحصالی حکمرانوں کے خلاف مزاحمت کی اور اپنی دھرتی کی خودمختاری اور اقتدار کے تحفظ کیلئے جدوجہد کی۔ بعض اوقات تو ایسے لوگوں کو ہی غدار قرار دے دیا گیا جنہیں اپنی سرزمین کے دفاع پر قومی ہیرو کا درجہ ملنا چاہیے تھا۔تاہم انٹرنیٹ کے ذریعے معلومات تک آسان رسائی نے اس صورتحال کو بدلنا شروع کیا تو نئی نسل نے متبادل تاریخی مآخذ کے ذریعے حقائق سے روشناسی حاصل کی،پنجابیوں نے اپنی تاریخ کو نئے زاویوں سے پڑھا اور اپنے ماضی کے ان کرداروں کو دریافت کیا جنہیں طویل عرصے تک نظرانداز کیا جاتا رہا تھا۔ یوں پنجاب میں اپنی جڑوں، زبان، ثقافت اور تاریخی شناخت کی طرف ایک نیا سفر شروع ہوا تو لوگوں کو احساس ہوا کہ احمد خان کھرل، رائے احمد نواز کھرل اور دُلا بھٹی جیسے کردار ہماری تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔ پنجاب کے پاس ایسے بہت سے بہادر اور قابلِ احترام نام ہیں جنہیں یاد کرنے اور نئی نسل سے متعارف کروانے کی ضرورت ہے۔اس فکری اور ثقافتی بیداری میں فخر زمان صاحب کی خدمات بہت قابلِ تحسین ہیں، جنہوں نے پنجابی کانگریس کے پلیٹ فارم سے ہر سال کامیاب کانفرنسوں کا انعقاد کرکے دونوں پنجابوں کے لوگوں کو ایک جگہ جمع کیا اور پوری طاقت سے پنجاب کی اقدار سے دشمنی کرنے والوں کو للکارا ۔انہوں نے پنجاب کے سیاسی، سماجی، ادبی اور ثقافتی مسائل کو نمایاں کیا اور پنجابی شناخت کے حوالے سے ایک توانا مکالمے کو آگے بڑھایا۔اسی سلسلے میں احمد رضا پنجابی بھی ایک اہم نام اور توانا آواز بن کر سامنے آئے، جنہوں نے نہ صرف پنجاب بلکہ دنیا بھر میں آباد پنجابی نوجوانوں کو متحرک اور منظم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ ان کی سالانہ کانفرنس میں پنجاب کے مختلف علاقوں سے لوگوں کی شرکت اور عالمی سطح پر پنجابیوں کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ اپنی زبان، ثقافت اور شناخت کیلئے اجتماعی شعور بڑھ رہا ہے۔ اس کوشش کے نتیجے میں پنجاب کی آواز پہلے سے زیادہ توانائی کے ساتھ دنیا بھر میں سنی جانے لگی ہے۔
اسی فکری و ثقافتی سلسلے کی ایک اور اہم کڑی رائے احمد نواز کھرل کے حوالے سے پلاک میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کا موقع ملا، جس کا اہتمام کھرل فاؤنڈیشن کے رائے گلزار کھرل نے کیا تھا۔اس ایک روزہ کانفرنس کی خوبصورتی یہ تھی کہ اس میں پورے پنجاب سے اہلِ فکر، دانشوروں، ادیبوں، محققین اور سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ مختلف مقررین نے نہ صرف رائے احمد نواز کھرل کی تاریخی جدوجہد اور مزاحمت پر گفتگو کے علاوہ پنجاب کو درپیش موجودہ سیاسی، سماجی، لسانی اور ثقافتی مسائل پر بھی کھل کر اظہارِ خیال کیا۔تقریب کی سب سے خوبصورت گفتگو پنجاب کی دلیر بیٹی جُگنو محسن کی تھی۔ اعجاز حسین پیارا ، رائے جاوید ، رائے اسلم کھرل ایم پی اے ننکانہ ، رائے محمد خان ناصر ، رائے کاشف کھرل ، ڈاکٹر کلیان سنگھ ، احمد رضا پنجابی ، شہزاد جوئیہ اور نذر عباس کے علاوہ بہت سے لوگوں نے گفتگو کی ، اسلم باہو نے خوبصورت گائیکی سے ماحول کو پر بہار کر دیا۔ سب سے اہم بات حاضرین کی بھرپور شرکت اور جوش وخروش تھا ، ہال نہ صرف بھرا ہوا تھا بلکہ سیڑھیوں پر بھی لوگ بیٹھے ہوئے تھے۔ایسی کانفرنسوں کی اہمیت محض ماضی کے کسی ہیرو کو خراجِ عقیدت پیش کرنے تک محدود نہیں ہوتی، بلکہ یہ نئی نسل کو اپنی تاریخ سے روشناس کروانے، سوال اٹھانے، اپنے اجتماعی تشخص کو سمجھنے اور مستقبل کیلئے ایک واضح فکری سمت متعین کرنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ جو قومیں اپنی تاریخ، زبان اور ثقافت سے رشتہ توڑ لیتی ہیں، وہ رفتہ رفتہ اپنی شناخت بھی کھو بیٹھتی ہیں۔ پنجاب کی یہ نئی بیداری دراصل اپنی شناخت کی بازیافت کا سفر ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے کسی تعصب یا نفرت کی بجائے علم، تحقیق، تاریخی دیانت، مکالمے اور اپنی دھرتی سے محبت کی بنیاد پر آگے بڑھایا جائے۔اپنی تاریخ کو جاننا کسی دوسرے کی تاریخ سے نفرت کرنا نہیں بلکہ اپنی شناخت کو پہچاننا ہے۔ پنجاب کو اپنے ہیروز، اپنی زبان اور اپنی تہذیب پر فخر کرنے کا پورا حق ہے۔

