محمد خان ابڑو
پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث ایک مرتبہ پھر سیاسی ایوانوں سے نکل کر عوامی حلقوں تک پہنچ چکی ہے۔ بعض حلقے اسے بہتر حکمرانی، انتظامی سہولت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کا ذریعہ قرار دیتے ہیں، جبکہ سندھ کے عوام کیلئے یہ معاملہ محض انتظامی حدود کا نہیں بلکہ تاریخی شناخت، تہذیبی تسلسل اور قومی وجود کا سوال ہے۔ سوال یہ نہیں کہ پاکستان میں انتظامی اصلاحات ہونی چاہئیں یا نہیں، اصل سوال یہ ہے کہ کیا انتظامی ناکامیوں کا علاج صدیوں پرانی تاریخی وحدتوں کی تقسیم میں تلاش کیا جانا چاہیے؟سندھ محض پاکستان کے نقشے پر کھینچی گئی ایک صوبائی لکیر نہیں۔ یہ موہنجو دڑو کی تہذیب، دریائے سندھ کی روانی، شاہ عبداللطیف بھٹائی کے پیغام اور ہزاروں برس پر محیط اجتماعی شعور کا نام ہے۔ اس دھرتی کی شناخت کسی جدید انتظامی حکم نامے کی مرہونِ منت نہیں۔ سندھ اس وقت بھی سندھ تھا جب برصغیر میں موجودہ سیاسی سرحدوں کا تصور نہیں تھا۔ 1936ء میں بمبئی پریزیڈنسی سے علیحدگی کے بعد اس کی صوبائی حیثیت بحال ہوئی، لیکن اس کی تاریخی شناخت اس سے کہیں زیادہ قدیم ہے۔یہ حقیقت بھی فراموش نہیں کی جاسکتی کہ سندھ نے قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں ایک منفرد کردار ادا کیا۔ 3 مارچ 1943ء کو سندھ اسمبلی نے پاکستان کے حق میں تاریخی قرارداد منظور کی، جبکہ 26جون 1947ء کو پاکستان میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلے اس بات کے گواہ ہیں کہ سندھ پاکستان کی تشکیل میں ایک باوقار سیاسی اکائی کی حیثیت سے شریک ہوا۔ لہٰذا سندھ کی وحدت کا دفاع پاکستان سے اختلاف نہیں بلکہ اس وفاقی تصور کا احترام ہے جس کی بنیاد پر پاکستان وجود میں آیا۔
تاریخ ہمیں یہ بھی بتاتی ہے کہ صوبائی شناخت کو انتظامی تجربات کی نذر کرنے کے نتائج ہمیشہ خوشگوار نہیں رہے۔ 1955ء میں ون یونٹ کے قیام نے سندھ سمیت مغربی پاکستان کی تاریخی اکائیوں کو ایک انتظامی ڈھانچے میں ضم کردیا۔ اس تجربے نے قومی یکجہتی پیدا کرنے کے بجائے احساسِ محرومی کو تقویت دی۔ بالآخر 1970ء میں یہ نظام ختم کرنا پڑا۔ حیرت ہے کہ ہم آج بھی اپنی تاریخ کے اس سبق کو پوری طرح سمجھنے کیلئے تیار نہیں۔حالیہ بحث میں کراچی کو سندھ سے الگ کرنے یا اسے کسی مخصوص وفاقی انتظام کے تحت لانے کی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں۔ یہاں بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ کراچی کو سندھ سے جدا کرنے کا تصور آخر کس تاریخی، جغرافیائی اور معاشی منطق پر قائم ہے؟ کراچی سندھ کا دارالحکومت ہی نہیں بلکہ اسکی صدیوں پرانی ساحلی، تجارتی اور ثقافتی زندگی کا حصہ ہے۔ کراچی کی ترقی میں ملک کے ہر خطے سے آنیوالے شہریوں کی محنت شامل ہے۔ لیکن کسی شہر کی لسانی رنگارنگی اس کی تاریخی جغرافیائی شناخت کو ختم نہیں کرتی۔سندھ کی قوم پرستی کو دوسری زبانیں بولنے والے شہریوں کی مخالفت سمجھنا بھی ایک بنیادی غلطی ہوگی۔ سندھ کی سرزمین پر رہنے والا ہر شہری، خواہ اس کی مادری زبان سندھی ہو، اردو، پنجابی، پشتو، بلوچی یا کوئی اور، مساوی شہری حقوق کا مستحق ہے۔ سندھ کی وحدت کا دفاع کسی کمیونٹی کے حقوق محدود کرنے کا مطالبہ نہیں، بلکہ مشترکہ وطن کے اندر تاریخی شناخت اور شہری مساوات کو ایک ساتھ محفوظ رکھنے کا مؤقف ہے۔ قوم پرستی اگر انصاف سے محروم ہوجائے تو تعصب بن جاتی ہے، اور وفاقیت اگر تاریخی شناخت کو تسلیم نہ کرے تو مرکزیت کا دوسرا نام رہ جاتی ہے۔یہاں سندھ کی صوبائی حکومت کو بھی اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔
کراچی میں پانی، ٹرانسپورٹ اور بلدیاتی خدمات کا بحران، حیدرآباد کی زبوں حالی، لاڑکانہ میں بنیادی سہولتوں کی کمی، تھرپارکر کی پسماندگی اور دیہی سندھ میں تعلیم و صحت کے مسائل حقیقی ہیں۔ سندھ کی وحدت کا نعرہ ان مسائل کا متبادل نہیں بن سکتا۔ جو حکومت سندھ کی جغرافیائی وحدت کا دفاع کرتی ہے، اسے شہریوں کے معاشی اور سماجی حقوق کا بھی اتنی ہی سنجیدگی سے دفاع کرنا ہوگا۔اصل اصلاحات کا راستہ صوبے کی تقسیم نہیں بلکہ آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت مضبوط، بااختیار اور مالی طور پر خودمختار بلدیاتی اداروں کا قیام ہے۔ صوبائی مالیاتی کمیشن کے ذریعے اضلاع کو منصفانہ وسائل فراہم کیے جائیں، بلدیاتی انتخابات باقاعدگی سے ہوں، انتظامی فیصلوں کو عوام کے قریب لایا جائے اور مقامی حکومتوں کو حقیقی اختیارات دیے جائیں۔ اگر کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور لاڑکانہ کے مسائل مقامی سطح پر حل ہونے لگیں تو نئے صوبوں کے حق میں پیش کیے جانیوالے بہت سے دلائل اپنی اہمیت کھو دیں گے۔قانونی اعتبار سے بھی سندھ کی حدود محض سیاسی خواہش پر تبدیل نہیں کی جاسکتیں۔
آئین کے آرٹیکل 239 کی شق چار کے مطابق کسی صوبے کی حدود بدلنے والی آئینی ترمیم کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی مجموعی رکنیت کی دو تہائی اکثریت کی منظوری ضروری ہے۔ 3ستمبر 2026ء کو سندھ اسمبلی نے سندھ کی تقسیم اور اس کی علاقائی حدود میں تبدیلی کیخلاف قرارداد منظور کرکے اپنا سیاسی مؤقف واضح کردیا۔ اس آئینی حقیقت کو نظرانداز کرنا وفاقی اعتماد کو کمزور کرنے کے مترادف ہوگا۔پاکستان کو اس وقت مزید انتظامی تجربات سے زیادہ سیاسی اعتماد، معاشی استحکام اور قومی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ وفاق کی مضبوطی صوبوں کو کمزور کرنے میں نہیں بلکہ انہیں آئینی حقوق، وسائل اور فیصلہ سازی میں مؤثر شراکت دینے میں پوشیدہ ہے۔ سندھ کی بندرگاہیں، صنعتیں، زراعت، توانائی کے وسائل اور محنت کش پاکستان کی اقتصادی بنیادوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس معاشی کردار کے اعتراف کا بہترین طریقہ سندھ کی تقسیم نہیں بلکہ اس کی ترقی میں منصفانہ سرمایہ کاری ہے۔ریاستیں صرف سرحدوں سے نہیں بلکہ اعتماد، انصاف اور تاریخی عہد کی پاسداری سے مضبوط ہوتی ہیں۔ سندھ کی سرزمین کسی سیاسی تجربہ گاہ کا نام نہیں بلکہ کروڑوں انسانوں کے مشترکہ تاریخی ورثے کی امین ہے۔ اسے تقسیم کرنے کے بجائے اس کے وسائل، اختیارات اور ترقی کے ثمرات تقسیم کیجیے۔

