چودھری شفیق احمد
ان دنوں لاہور جم خانہ کلب قومی میڈیا کی شہ سرخیوں میں ہے۔ پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے 117 ایکڑ سرکاری اراضی کی لیز، پانچ ہزار روپے سالانہ کرائے، زمین کی مبینہ 218ارب روپے مالیت اور کلب کی مالی و انتظامی حیثیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔ اعتراض ہے کہ شہر کے قیمتی مقام پر اتنی بڑی سرکاری اراضی نجی کلب کو محض پانچ ہزار روپے سالانہ پر کیسے دی جا سکتی ہے؟ اسے عوامی پارک کی طرح کھولنے کی تجویز بھی زیر بحث ہے۔ کرایہ 1996ء میں، 1921ء کے بعد تقریباً 79 برس کے وقفے سے، 1,600روپے سے بڑھا کر پانچ ہزار روپے کیا گیا تب کسی حکومت یا متعلقہ ادارے نے اعتراض نہیں اٹھایا۔ سوال ہے کہ اب یہ معاملہ اچانک اتنی شدت سے کیوں اٹھایا جا رہا ہے؟
کلب کی کمیٹی آف مینجمنٹ کا مؤقف ہے کہ معاملے کو صرف زمین کی تجارتی قیمت اور کرائے سے نہیں پرکھا جا سکتا۔اس کا تاریخی وجود، کھیلوں و سماجی سرگرمیوں میں کردار اور سبز رقبے کی ماحولیاتی اہمیت بھی پیش نظر رہنی چاہیے۔ چیئرمین نے موجودہ کرایہ کو کم از کم ایک کروڑ روپے سالانہ ادا کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔ سوال ہے کہ جمخانہ مراعات یافتہ طبقے یا بیوروکریسی کا نجی کلب ہے یا کھیلوں اور سماجی روایات کا تاریخی ادارہ؟ انتظامیہ اس تاثر کو بے بنیاد قرار دیتی ہے۔ اسکے مطابق صرف دس فیصد ارکان بیوروکریٹ ہیں۔ رکنیت پاکستان بھر کے اہل شہریوں کیلئے ضابطوں کے تحت کھلی ہے۔ تقریباً 5,500مستقل ارکان کو انتخابات میں ووٹ دینے اور امیدوار بننے کا مساوی حق ہے، جبکہ کمیٹی آف مینجمنٹ کا کوئی رکن تنخواہ یا اعزازیہ نہیں لیتا۔ مجموعی ارکان تقریباً 15,500ہیں؛ ان کی تقریبات میں سالانہ 50سے 60ہزار غیر ارکان بطور مہمان شریک ہوتے ہیں۔لاہور جمخانہ 1878ء میں لاہور اینڈ میانمیر انسٹیٹیوٹ کے نام سے قائم ہوا۔ ریکارڈ کے مطابق 1913ء سے موجودہ زمین گالف کورس کیلئے استعمال ہو رہی تھی۔ کلب ہاؤس 1972ء میں لارنس گارڈنز، موجودہ باغِ جناح، سے یہاں منتقل ہوا۔ لاہور امپروومنٹ ٹرسٹ نے 1966ء میں 117 ایکڑ میں سے پانچ ایکڑ پر کلب کی تعمیر کی اجازت دی۔ زمین کی مختلف ادوار کی لیز اور 1996ء میں کرائے کی تجدید اُس وقت کی پنجاب حکومت کے فیصلے تھے؛ کلب نے ازخود کرایہ مقرر نہیں کیا تھا۔کمیٹی کا اعتراض بجا ہے کہ پانچ ہزار روپے سالانہ کے عوض 117ایکڑ سرکاری اراضی کا استعمال غیر معمولی ہے۔ تاہم 218ارب روپے کی مبینہ تجارتی مالیت فوری حکومتی آمدنی کا پیمانہ نہیں۔ زمین کی قیمت اس کے مجاز استعمال سے وابستہ ہے۔ گالف کورس اور سبز رقبے کو پلازوں یا رہائشی عمارتوں کے مفروضے پر نہیں جانچنا چاہیے۔ منصفانہ لیز موجودہ کھیلوں، تفریحی اور ماحولیاتی استعمال کے مطابق ہو؛ ایک کروڑ روپے کی پیشکش مذاکرات کی بنیاد بن سکتی ہے۔کلب اور عوامی پارک کا فرق سمجھنا ضروری ہے۔ معروف تاریخی کلب مخصوص رکنیت اور روایات کے تحت کام کرتے ہیں۔انہیں عوامی پارکوں کی طرح بلاامتیاز نہیں کھولا جاتا۔ پارک تمام شہریوں کیلئے کھلی تفریحی جگہ اور حکومت کی ذمہ داری ہیں، جبکہ ممبرشپ کلب کھیلوں اور سماجی سرگرمیوں کیلئے ارکان کے تعاون سے چلتے ہیں۔ جمخانہ کو پارک میں بدلنا اسکی شناخت تبدیل کریگا۔لاہور کا ماحولیاتی مستقبل اس تنازعے کا اہم پہلو ہے۔ شہر اسموگ، بڑھتے درجہ حرارت، شہری حدت اور سبز رقبے میں کمی سے دوچار ہے۔ جمخانہ کا 117ایکڑ سبز رقبہ محض کلب کی سہولت نہیں بلکہ اپر مال اور وسطی لاہور کے ماحولیاتی توازن کا حصہ ہے۔ درخت اور کھلی جگہیں سایہ دیتی، کاربن جذب کرتی اور درجہ حرارت کم کرتی ہیں۔ اس ماحول کا کوئی نعم البدل نہیں۔جیلانی پارک اس کی مثال ہے۔ 1981ء میں لاہور ریس کلب کی کوٹ لکھپت منتقلی کے بعد اسکے 88ایکڑ پر رہائشی تعمیرات اور جی او آر ون کی توسیع کی تجاویز آئیں۔ گورنر پنجاب جنرل غلام جیلانی خان نے مخالفت کرتے ہوئے کھلی جگہ برقرار رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ لوگوں کو سانس لینے دیں۔ بالآخر یہ رقبہ عوامی پارک کے طور پر محفوظ رہا۔ شہری زمین کے فیصلے فوری مالی فائدے پر نہیں ہونے چاہئیں۔ جمخانہ کی زمین تعمیرات کیلئے استعمال ہوئی تو لاہور ایک اور سبز علاقہ کھو سکتا ہے۔
کمیٹی کے چیئرمین کی تجویز کہ جمخانہ کو شہر سے باہر منتقل کرکے موجودہ اراضی کمرشل استعمال میں دے دی جائے، شہری منصوبہ بندی اور ماحولیاتی ترجیحات سے مطابقت نہیں رکھتی۔ اگر تجارتی قیمت ہی فیصلہ کن معیار ہے تو جیلانی پارک، باغِ جناح اور دوسرے پارکوں کو بھی شہر سے باہر منتقل کرنے کی منطق بھی تسلیم کرنا ہوگی۔ کیا چند ارب روپے کے فائدے کی خاطر شہریوں کو سبز پناہ گاہوں سے محروم کرکے آلودگی، حدت اور گھٹن کے حوالے کر دیا جائے؟
پنجاب اسمبلی کی کمیٹی اور کلب انتظامیہ کو محاذ آرائی کے بجائے مکالمہ اختیار کرنا چاہیے۔ آزادانہ جائزے میں زمین کی تاریخی و قانونی حیثیت، اصل الاٹمنٹ، موجودہ لیز، تعمیرات کی منظوری، مالی شراکت اور ماحولیاتی اہمیت طے کی جائے۔ نئی لیز شفاف مذاکرات سے ہو، کرائے پر نظرثانی اور کلب کی مالی و انتظامی جواب دہی لازم ہو۔ 117 ایکڑ سبز رقبے کی سالمیت اور تحفظ کی قانونی ضمانت بھی دی جائے۔لاہور جمخانہ کا قضیہ محض کرائے یا زمین کی تجارتی قیمت کا معاملہ نہیں۔ حکومت کو سرکاری زمین سے منصفانہ مالی فائدہ حاصل کرنے کا حق ہے، مگر یہ لاہور کے ماحولیاتی مستقبل کو داؤ پر لگانے کا جواز نہیں۔ کلب کی تاریخی حیثیت بھی اسے عوامی جواب دہی سے مستثنیٰ نہیں کرتی۔ لاہور کو کنکریٹ کے جنگل نہیں بلکہ سبز پناہ گاہیں درکار ہیں۔ کامیابی مالی شفافیت، ادارہ جاتی تسلسل اور ماحولیاتی تحفظ کو مشترکہ شہری ترجیحات بنانے میں ہے۔

