(وژن پوائنٹ پی کے ڈاٹ کام)
معروف اشاعتی ادارے قلم فاونڈیشن انٹرنیشنل کے روح رواں جناب علامہ عبدالستار عاصم باغ وبہار شخصیت کے مالک ہیں۔علامہ صاحب صرف کتابوں کے پبلشر نہیں بلکہ کتابوں کے دیوانے ہیں۔وہ نت نئی معیاری کتابیں پرنٹ کرتے اورانہیں تقسیم کرتے نظر آتے ہیں۔ان کی زندگی کا مقصد اور مشن ہے کہ ہر ہاتھ میں کتاب نظر آئے۔
علامہ صاحب مایوس ہوکر اور تھک ہار کر بیٹھ جانے والے انسان نہیں بلکہ فولادی عزم اور پختہ یقین کے مالک انسان ہیں۔وہ بڑی تندہی کے ساتھ اپنا سفر جاری وساری رکھے ہوئے ہیں۔
ان کے اشاعتی ادارے کی طرف سے حال ہی میں ایک عمدہ کتاب”امیر العظیم، چراغ راہ” شائع ہوئی ہے۔کتاب کے مصنف ڈاکٹر طارق سلیم ہیں۔
یہ کتاب جماعت اسلامی کے ممتاز رہنما امیر العظیم(مرحوم ومغفور)کی حیات و خدمات پر مشتمل ہے۔اس کتاب کو 6 ابواب میں تقسیم کیاگیاہے۔پہلا باب خاندانی پس منظر،ہجرت اور پاکستان سے محبت کے عنوان پرہے۔ دوسرا باب مولانا مودودی صاحب کی فکری سے آشنائی،تیسرا باب افغان جہاد،چوتھا باب ڈیجیٹیل عہد میں دعوت کا نیا افق اور پانچواں باب ایک صحافی کی آنکھ سے امیرا العظیم پر مشتمل ہے۔اس کتاب کےچھٹے اور آخری باب کا عنوان ہے”امیر العظیم، دانشوروں کی نظرمیں” ۔اس میں اہم شخصیات کے وہ مضامین شامل ہیں جن میں امیر العظیم (مرحوم)کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیاگیاہے۔
کتاب کے بیک ٹائٹل پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن،سراج الحق اورلیاقت بلوچ کے تاثرات موجود ہیں۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کتاب کے تاثرات میں لکھتے ہیں کہ:”
امیر العظیم کی زندگی اخلاص، استقامت، دیانت اور دعوت دین کے لیے مسلسل جدوجہد کا روشن باب ہے۔ انھوں نے طالب علمی سے لے کر زندگی کی آخری سانس تک جماعت اسلامی کے نصب العین کو اپنی زندگی کا مقصد بنائے رکھا اور اس مقصد میں وہ کامیاب بھی رہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے اس طرح بچھڑنے کا جس قدر نقصان ان کے لواحقین اور عزیز و اقارب کو ہوا ہے، اس سے بڑھ کر یہ عالم اسلام کا خسارہ بھی ہے۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے اس کتاب میں ان کی شخصیت، کردار اور خدمات کو نہایت خوب صورتی سے قلم بند کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ سوانح آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی سرمایہ اور کارکنانِ تحریک کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگی۔”
سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے تاثرات میں لکھاہے:”امیر العظیم ان لوگوں میں سے تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اقامتِ دین کی جدوجہد کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ اخلاص، حلم، صبر، محبت اور تنظیمی وفاداری کی ایک زندہ مثال تھے۔ ان کا شمار جماعت کی انتہائی مخلص، مدبر، وفا شعار اور دلعزیز راہنماؤں میں ہوتا تھا۔ اگر کوئی جماعت کے اکابرین اور راہنماؤں کی فہرست مرتب کرے گا تو امیر العظیم کا نام صفِ اول کے راہنماؤں میں شمار ہوگا۔ اللہ کریم انھیں اجرِ عظیم عطا فرمائے۔ انھوں نے جماعت کے لیے لازوال جدوجہد کی۔ ڈاکٹر طارق سلیم کی یہ کاوش محض ایک شخصیت کی سوانح نہیں بلکہ ایک نظریاتی کارکن کی پوری جدوجہد کی داستان ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ کتاب تحریک اسلامی کی تاریخ میں ایک اہم اضافہ ثابت ہوگی۔”
جماعت اسلامی کے سینئر رہنما لیاقت بلوچ نے اپنے تاثرات میں لکھاہے کہ:”امیر العظیم کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اخلاص اور استقامت کے ساتھ کی گئی جدوجہد کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ انھوں نے ہر ذمہ داری کو امانت سمجھ کر نبھایا اور کارکنوں کے لیے ہمیشہ شفقت، محبت اور رہنمائی کا نمونہ بنے رہے۔ امیر العظیم جیسے سچے، مخلص اور بڑے لوگ قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، جماعت اسلامی کی خوش نصیبی رہی ہے کہ انھیں ایسے اخلاص اور وفا کے پیکر میسر آئے جن کی پھیلائی ہوئی روشنی صدیوں تک جماعت کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔ دل کے امیر اور کردار کے عظیم اس شخص کا نام امیر العظیم تھا جنھیں دستِ قضا نے ہمارے ہاتھوں سے چھین لیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے ان کی حیات و خدمات کو مؤثر انداز میں محفوظ کیا ہے۔ یہ کتاب نہ صرف ان کے چاہنے والوں بلکہ تحریکِ فکر سے وابستہ ہر قاری کے لیے قابلِ مطالعہ ہے۔”

