اسلام آباد میں صحافی شاہد میتلا کو منگل کی شب ایف 6 سے گرفتار کیا گیا۔ بدھ کو انہیں اسلام آباد کے سول جج و اسپیشل مجسٹریٹ این سی سی آئی اے ملک امان کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ان کا دو روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔
این سی سی آئی اے کے ایک سینیئر اہلکار کے مطابق شاہد میتلا کی گرفتاری کوئٹہ میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی شکایت پر درج مقدمے کے سلسلے میں عمل میں آئی۔ شاہد میتلا نیوز ون، پی ٹی وی نیوز، اے آر وائی نیوز اور بول سے وابستہ رہ چکے ہیں اور ان کا صحافت میں تقریباً 20 سال کا تجربہ ہے۔

