ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور عاطف امیر کی زیرنگرانی این سی سی آئی اے لاہور نے بڑی کارروائی کرکے پٹرول پمپس پر 39 کروڑ روپے سے زائد کا ڈیجیٹل فراڈ بے نقاب کیاہے اور 14 ملزمان گرفتارکرلیے ہیں۔
بتایاگیاہے کہ این سی سی آئی اے لاہور نے پٹرول پمپس پر ڈیجیٹل فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 پٹرول پمپس پر چھاپے مارے اور 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران 10 ڈیجیٹل فیول کنٹرول کٹس اور 14 موبائل فونز برآمد کیے گئے۔
ملزمان پٹرول مشینوں میں غیر قانونی ڈیجیٹل کٹس نصب کرکے الیکٹرانک سگنلز اور مشینوں کی پروگرامنگ میں رد و بدل کرتے تھے، جس کے ذریعے صارفین کو ظاہر کردہ مقدار سے کم پٹرول فراہم کیا جاتا تھا۔ کٹس تیار اور نصب کرنے میں ملوث ملزم بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزمان کے خلاف 3 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ پٹرول پمپس کے لائسنس معطل کرنے کے لیے اوگرا کو خطوط ارسال کر دیے گئے ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

