Close Menu
  • تازہ ترین
  • پاکستان
  • سنٹرل ایشیا
  • دنیا
  • فیکٹ چیک
  • ٹرینڈ
  • شوبز
  • کھیل
  • کاروبار
  • ملٹی میڈیا
  • کالم

Subscribe to Updates

Get the latest creative news from FooBar about art, design and business.

What's Hot

اقوام متحدہ میں ’قاتل روبوٹس‘ کے ضابطوں پر مزید دو سال مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ

نومبر 21, 2026

پاکستان اور یورپی یونین میں تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

نومبر 21, 2026

پی سی بی نے 38 قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا

نومبر 21, 2026
Facebook X (Twitter) Instagram
ہفتہ, نومبر 21
Facebook X (Twitter) Instagram
English
  • تازہ ترین
  • پاکستان
  • سنٹرل ایشیا
  • دنیا
  • فیکٹ چیک
  • ٹرینڈ
  • شوبز
  • کھیل
  • کاروبار
  • ملٹی میڈیا
  • کالم
Home»پاکستان»نئے صوبے، ون یونٹ اور بلاول بھٹو
پاکستان

نئے صوبے، ون یونٹ اور بلاول بھٹو

EditorBy Editorنومبر 21, 2026کوئی تبصرہ نہیں ہے۔
Facebook Twitter Pinterest LinkedIn WhatsApp Reddit Tumblr Email
Share
Facebook Twitter LinkedIn Pinterest Email

خالد جاوید خان

زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت وقت کی ہے ۔وہ کام جووقت سے پہلے یا بعد میں کیے جاتے ہیں وہ اکثر نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں ۔اس وقت جبکہ پاکستان اندرونی اور بیرونی طور پر شدید معاشی، سیاسی اور دفاعی چیلنجز میںگھرا ہوا ہے اور ہر آنیوالا دن مشکل ترہوتا جا رہا ہے۔ جس میں خطے اور عالمی سطح پر رونما ہونیوالے واقعات بھی بری طرح اثر انداز ہو رہے ہیں ۔نئے نئے اختلافی امور کو چھیڑنا کسی طرح بھی عقلمندی نہیں۔ اس وقت جب کہ قومی اتفاق رائے وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ مل جل کر اس کٹھن وقت کا مقابلہ کیا جا سکے ، نئے صوبوں کی بحث چھیڑ کر ایک اضافی بحران کو جنم دے دیا گیاہے ۔لوگ مہنگائی اور بیروزگاری کے ہاتھوں خودکشیاں کر رہے ہیں ، انکے پاس کھانے کیلئے دو وقت کی روٹی نہیں۔ پورا ملک آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی پڑا ہے لیکن یہاں ہر مسئلے کا حل نئے صوبوں کے قیام میں ڈھونڈا جا رہا ہے۔ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنےکی بجائےایسے منصوبے پیش کیے جا رہےہیںجو نہ صرف ہنگامی صورتحال کو بہتر بنانےمیں نہ تو کوئی کردار ادا کر سکتے ہیں اور نہ ہی حکومت کے پاس ایسے مالی وسائل ہیں جن سے وہ نئے صوبوں کے قیام پر اٹھنے والی کثیر دولت صرف کر سکتی ہے۔ یہ دلیل حیران کن ہے جو نئے صوبوں کے حامی بیان کرتے ہیں کہ نئے صوبے سستا سودا ہوں گے۔ تعجب کی بات تو یہ ہے کہ جب 14 اکتوبر 1955 کو مغربی پاکستان کے چار صوبوں اور آزاد قبائلی علاقہ جات کو ون یونٹ کے تحت ضم کیا گیا تو بھی سب سے بڑی دلیل یہی دی گئی تھی کہ اس انضمام سے اخراجات میں کمی ہوگی۔ یہ بات تو قرینِ قیاس لگتی ہے لیکن نئے صوبوں کے قیام سے اخراجات میں کمی کیسے ہوگی اسکی کوئی تُک سمجھ میں نہیں آتی۔ یہی بات چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کہی ہے کہ ملک کے پیچیدہ مسائل کو حل کرنےکیلئےنظام کو ریسیٹ(reset) کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ اتفاق رائے کی ضرورت ہے اور اس کی شروعات کیلئے پی ٹی آئی اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ بھی وسیع تر ڈائیلاگ کرنا چاہیے لیکن جو لوگ یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ نئے صوبے بنانے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ وہ کوئی بات سننےکیلئے تیار ہی نہیں۔پاکستان میں یہ پہلی بار نہیں ہو رہا کہ ہماری قومی اہمیت کے بڑے بڑے فیصلے ڈرائنگ روموں میں بیٹھ کر کر دیےجاتے ہیں اور عوام یا عوامی اداروں کے کسی فورم پر ان پر کما حقہ بحث نہیں کی جاتی جسکے نتیجے میں وہ فیصلے وقت غلط ثابت کر دیتا ہے جنہیںپھر واپس لینا پڑتا ہے لیکن اس دوران قوم و ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ چکا ہوتا ہے۔ اس سے پہلے بھی قومی مفادات کے نام پر 1955 میں ون یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جسکے مقاصد میں مشرقی و مغربی پاکستان میں سیاسی توازن بنانا،صوبائی عصبیت کا خاتمہ، انتظامی اخراجات میں کمی، آئین سازی اور انتظامی سہولت جیسے امور شامل تھے۔ لیکن پانچ سال تک جاری رہنے والے اس بندوبست نے مذکورہ بالا اہداف کو حاصل کرنے کی بجائے، سیاسی عدم استحکام، صوبوں کے درمیان محرومی،بے چینی اور شدید انتظامی پیچیدگیوں میں اس قدر اضافہ کر دیا کہ یکم جولائی 1970 کو جنرل یحیٰی نے اپنے لیگل فریم ورک آرڈر کے تحت ون یونٹ کو منسوخ کر دیا اور اسکے ساتھ ہی مغربی اور مشرقی پاکستان کے درمیان مساوی نمائندگی( پیرٹی) کا اصول بھی ختم ہو گیا ۔ اس نظام کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ نیت کی خرابی تھی کہ ریاست کے مخصوص طبقے کسی طرح بھی بنگالیوں کو ان کے جائز حقوق دینےکیلئے تیار نہیں تھے اور انہوں نے بنگالیوں کی عددی برتری کو ختم کرنے کیلئے مساوی نمائندگی کا اصول رائج کر دیا تھا ۔پہلے جو دلائل زیادہ صوبوں کو کم کرنے کے حق میں دیے جاتے تھے بالکل آج وہی دلائل کم صوبوں کو زیادہ کرنے کے حق میں دیے جا رہے ہیں۔ یعنی انتظامی اخراجات میں کمی اور سیاسی استحکام۔ لیکن صوبوں کے ساتھ صدیوں کی جذباتی وابستگی، معاشی ،معاشرتی اور خاندانی روایات کے تسلسل کے پس منظر میں عوامی بے چینی صوبائی عصبیت اور سیاسی عدم استحکام یا زیادہ صوبے بنانے سے اخراجات میں کمی کس طرح ہوگی یہ بات ناقابل فہم ہے۔ یہ ایک طویل منصوبہ ہے جس سے راتوں رات کوئی ثمرات نہیں مل سکتے جبکہ ہمارے عوام کو ریلیف دینا ایک ہنگامی ضرورت ہے جسکی طرف اشارہ جناب بلاول بھٹو زرداری نے کیا ہے۔ یاد رکھیے زیادہ صوبے بنانا انتظامی اور سیاسی لحاظ سے ملک کو مضبوط نہیں بناتا بلکہ اس کا بہترین اور واحد حل مقامی یا بلدیاتی اداروں کو خود مختار ،مالی طور پر آزاد اور فعال بنانا ہوتا ہے ۔جب مسائل کو سیدھے سادے طریقے سے حل کرنے کی بجائے پیچیدہ راستے تلاش کیے جاتے ہیں تو شکوک و شبہات کا پیدا ہونا ایک قدرتی امر ہے اگر مرکزی حکومت کو اٹھارویں ترمیم کے بعد مالی امور میں مشکلات پیش آ رہی ہیں تو اس کا آسان حل تمام صوبوں کے نمائندوں اور مرکزی اداروں کے تعاون سے نکالا جا سکتا ہے اس کی آڑ میں ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جس سے صوبائی تعصبات اور قومی وحدت کو نقصان پہنچے اور ملک ایک نئے بحران کا شکار ہو جائے۔

Share. Facebook Twitter Pinterest LinkedIn Tumblr Telegram Email
Editor

    Related Posts

    نئے شناختی کارڈ کے لیے گمشدہ شناختی کارڈ کی ایف آئی آر درج کروانا لازمی نہیں۔ نادراحکام

    نومبر 21, 2026

    ون ڈے فارمیٹ والے کھلاڑی پی ایس ایل کے ساتھ ایک لیگ میں شرکت کرسکتے ہیں۔عاقب جاوید

    نومبر 21, 2026

    پروڈکشن کے لوگ یا ٹیم اچھی ہو توکام کروں گی ورنہ نہیں۔غزالہ جاوید

    نومبر 21, 2026

    Comments are closed.

    Latest Posts

    بلاول، بھٹو یا زرداری؟

    نومبر 21, 2026

    نئے صوبے، ون یونٹ اور بلاول بھٹو

    نومبر 21, 2026

    چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نام

    نومبر 20, 2026

    ایک غیر ملکی سیاح کا سفرنامہ لاہور

    نومبر 20, 2026

    پاک فوج میں بیتے شب و روز

    نومبر 19, 2026

    جیل سے ایک خط

    نومبر 19, 2026
    Facebook X (Twitter) Pinterest Vimeo WhatsApp TikTok Instagram
    All Right Reserved © Vision Point PK 2026 . Managed by Vision Point

    Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.