پنجاب پولیس میں تعینات سابق ایس ایس جی افسران کو اضافی مالی مراعات دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ پنجاب کابینہ نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول لاہور میں تعینات ایس ایس جی افسران کو چار اضافی الاؤنسز دینے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس جی افسران کو اضافی الاؤنسز دینے کی سمری محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے کابینہ میں پیش کی گئی تھی۔ کابینہ نے افسران کو پولیس، لاء اینڈ آرڈر اور ایلیٹ الاؤنس سمیت چار اضافی الاؤنسز دینے کی منظوری دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ خزانہ نے اضافی الاؤنسز کی ادائیگی کو قابل قبول قرار نہیں دیا تھا، تاہم محکمہ خزانہ کے اعتراضات کے باوجود کابینہ نے پالیسی کے تحت منظوری دے دی۔
اضافی الاؤنسز کی ادائیگی ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول لاہور کے موجودہ بجٹ سے کی جائے گی۔

