چمن میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی عبوری ضمانت منسوخ کرتے ہوئے انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق اصغر خان اچکزئی کو قتل اور اغوا کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا۔ مقدمات ایک سال قبل چمن میں قبائلی تنازعے کے دوران قتل ہونے والے مقامی شخص تیمور شاہ کے واقعے سے متعلق ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتول کے والد ظاہر شاہ کی مدعیت میں اصغر خان اچکزئی کے خلاف قتل کی دفعہ 302 اور اغوا کی دفعہ 365 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
آج عدالت کی جانب سے عبوری ضمانت منسوخ ہونے پر انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا، جس کے بعد انہیں چمن بائی پاس پولیس لاک اَپ منتقل کردیا گیا۔ اصغر خان اچکزئی بلوچستان اسمبلی کے سابق رکن بھی رہ چکے ہیں۔


