سرکاری اور مالیاتی اداروں سمیت اہم ڈیجیٹل نظاموں پر سائبر حملوں کا خدشہ ہے،نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کردی۔
ای مَدھرا کےڈیجیٹل سیکیورٹی سرٹیفکیٹس میں خامیوں کے باعث سرکاری، مالیاتی اور اہم انفارمیشن انفرا اسٹرکچر پرسائبر حملوں کاخدشہ پیداہوگیا،نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کر دی۔
ای مَدھرا کی سرٹیفکیٹ اتھارٹی کی آٹھ نجی سیکیورٹی کیز متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جن میں سے چھ ٹی ایل ایس سرٹیفکیٹس اور دو کوڈ سائننگ کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ کمزور کیز کے باعث جعلی ڈیجیٹل سرٹیفکیٹس بنانے، ویب سائٹس اور آن لائن سروسز کی نقالی، انٹرنیٹ ٹریفک میں مداخلت، نگرانی اور ڈیٹا میں ردوبدل کا خطرہ ہے۔
نیشنل سرٹ نے متعلقہ اداروں کو آپریٹنگ سسٹمز،براؤزرز اور سافٹ ویئر فوری اپ ڈیٹ کرنے، متاثرہ سرٹیفکیٹس بلاک کرنے اورسیکیورٹی ٹرسٹ اسٹورز اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی ہے،الگ سرٹیفکیٹ اسٹورز استعمال کرنے والی موبائل ایپس، کمپیوٹر سافٹ ویئر اور دیگرسسٹمز کو بھی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
مشکوک سرٹیفکیٹس،غیر معمولی نیٹ ورک سرگرمی اور کنکشن ری ڈائریکشن کی نگرانی کے ساتھ جعلی سرٹیفکیٹس یا ڈیٹا انٹرسیپشن کے مشتبہ واقعات نیشنل سرٹ پاکستان کو رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے۔


