یونان کے ایجیئن ساحل کے قریب تارکین وطن کی ایک اور کشتی ڈوب گئی۔ یونان کی کوسٹ گارڈ نے کہا ہے کہ ساحل کے قریب سے انہیں سمندر سے 2 خواتین کی لاشیں ملی ہیں۔ کوسٹ گارڈ نے 39 افراد کو سمندر سے زندہ نکال لیا۔
یونانی حکام کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ تارکین وطن فارماکونیسی جزیرے پر پہنچے ہیں جو ترکی کے ساحل سے صرف 9.7 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
کوسٹ گارڈ کے حکام کا کہنا تھا کہ ممکنہ کشتی حادثے میں بچ جانے والے دیگر افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے جب کہ زندہ بچ جانے والے تمام افراد کو قریبی جزیرے لیروس منتقل کر دیا گیا ہے۔
یونانی کوسٹ گارڈ 2015 سے اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو بچا چکی ہے، اقوامِ متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے کے مطابق ہزاروں لوگ سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں کم از کم 7 تارکین وطن کشتی حادثے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے، جن میں ایک لڑکا، ایک لڑکی اور 2 خواتین شامل تھیں، متاثرہ افراد کی کشتی لیسبوس جزیرے کے قریب ڈوب گئی تھی۔