دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 41 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ پاکستان ٹیم 232 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 190 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز اسکور کیے اور پاکستان کو جیت کے لیے 232 رنز کا ہدف دیا۔ مہمان ٹیم کی اننگز میں جوش انگلس اور کیمرون گرین نے نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ میٹ رینشا نے 43 اور اولیور پیکے نے 31 رنز کی اہم اننگز کھیل کر مجموعے کو 230 سے اوپر پہنچایا۔
پاکستانی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور ٹیم صرف 58 رنز پر اپنی 5 اہم وکٹیں گنوا بیٹھی۔ اوپنر معاذ صداقت بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ صاحبزادہ فرحان صرف 3 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد بابر اعظم 16 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، جبکہ سلمان علی آغا 7 اور عبدالصمد 2 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے غازی غوری اور شاداب خان نے کچھ مزاحمت کی کوشش کی تاہم وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور پوری ٹیم 190 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے بولنگ میں ناتھن ایلس اور دیگر بولرز نے مؤثر کارکردگی دکھائی جبکہ پاکستانی بلے باز دباؤ میں نظر آئے۔ دوسری جانب پاکستان کی بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی نے 3 اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ عرفات منہاس نے 2 وکٹیں لے کر متاثر کیا۔
اس فتح کے ساتھ سیریز اب 1-1 سے برابر ہو گئی ہے اور فیصلہ کن میچ دلچسپ مقابلے کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
