پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق "معرکۂ حق” کے دوران وطن کی سرحدوں کا دفاع کرتے ہوئے 11 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 78 زخمی ہوئے۔ اس معرکہ میں دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دیا گیا، جس میں پاک فوج اور پاک فضائیہ کے جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں پاک آرمی کے 6 اور پاک فضائیہ کے 5 جوان شامل ہیں۔ جام شہادت نوش کرنے والوں میں لانس نائیک عبدالرحمان، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی عدیل اکبر اور سپاہی نثار شامل ہیں۔ فضائیہ کے شہداء میں سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب سلطان، سینئر ٹیکنیشن مبشر اور کارپورل ٹیکنیشن فاروق شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے 6 اور 7 مئی کو بلااشتعال حملے کیے، جن میں 40 عام شہری شہید ہوئے، جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں، جبکہ 121 افراد زخمی ہوئے، جن میں 27 بچے اور 10 خواتین شامل ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ شہداء قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانی جذبۂ حب الوطنی اور عزم و جرات کی عظیم مثال ہے۔ ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا، اور مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔