کوئٹہ میں پاکستان کی فتح کا جشن منانے کیلئے ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ رکن قومی اسمبلی علی مدد جتک ریلی سے خطاب کرنے جا رہے تھے جب راستے میں ان کے قافلے پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا۔
حملے میں رکن قومی اسمبلی محفوظ رہے تاہم پانچ افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈی ایس پی سریاب آصف غفور نے بتایا کہ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پاکستان پیپلزپارٹی کے رکنِ اسمبلی علی مدد جتک کے قافلے پر دستی بموں سے حملہ اور فائرنگ کی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ منیر مینگل چوک کے قریب پیش آیا، حملے میں علی مدد جتک محفوظ رہے، تاہم ان کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔
پولیس افسر کا کہنا ہے کہ واقعے میں 5 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر بی ایم سی ہسپتال اور سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
رکن اسمبلی علی مدد جتک اپنے قافلے کے ہمراہ جشن فتح کے جلسے میں شرکت کے لیے جلسہ گاہ کی جانب جا رہے تھے۔