سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں، جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس کی فضا برقرار ہے۔
کشمیری میڈیا سروس کے مطابق، قابض بھارتی فورسز نے سرینگر سمیت مختلف علاقوں میں متعدد گھروں پر چھاپے مارے، جن میں املاک کو نقصان پہنچایا گیا، قیمتی سامان ضبط کیا گیا اور متعدد نوجوانوں کو کالے قوانین کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔
چھاپوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت گھروں کے مکینوں کو ہراساں کیا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کارروائیوں سے مقبوضہ وادی میں پہلے سے کشیدہ صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔