بھارت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر مودی حکومت ترکیہ اور آذربائیجان سے ناراض۔۔ بھارت میں دونوں ممالک کے ساتھ تجارت اور سیاحت بند کرنے کا دباؤ بڑھ گیا
سوشل میڈیا پر بائیکاٹ ترکیہ اور بائیکاٹ آذربائیجان کی مہم زور پکڑ گئی۔ ہزاروں بھارتیوں نے ترکیہ اور آذربائیجان کے سیاحتی ویزے منسوخ کر دیئے۔
بھارتی تاجروں نے بھی امپورٹ ایکسپورٹ آرڈرز کینسل کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے ساتھ جنگ میں پاکستان کا ساتھ دینے اور پاکستان کی حمایت کرنے پر ترکیہ اور آذربائیجان کے بائیکاٹ کی مہم ابتدائی طور پر چند سیاست دانوں اور اداکاروں نے شروع کی، جس کے بعد تجارتی افراد بھی اس مہم کا حصہ بنے۔
ترکیہ اور آذربائیجان کے بائیکاٹ کی مہم سوشل میڈیا پر شروع کیے جانے کے بعد جہاں ہزاروں بھارتیوں نے دونوں ممالک کے سیاحتی دورے منسوخ کردیے، وہیں اب دونوں ممالک سے تجارت کا بائیکاٹ بھی شروع کردیا گیا۔
بھارتی کمپنیوں نے دونوں ممالک کو فٹ بال کی فروخت پر بھی پابندی لگادی جب کہ دونوں ممالک سے مصنوعات منگوانے پر بھی پابندی عائد کردی۔
اسی طرح فیشن ملبوسات سمیت پھلوں، سبزوں اور دیگر خوراک کی ترکیہ اور آذربائیجان سے درآمد اور برآمد پر بھی پابندی عائد کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔